سینیٹ کمیٹی میں آر سی سی آئی کا تمام نئے ایس ایم ایز کو ٹیکس چھوٹ دینے کا مطالبہ

14 جون ، 2023

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی )راولپنڈی چیمبر نے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ میں اعلان کردہ 5 سالہ ٹیکس چھوٹ کو صرف زرعی ایس ایم ایز کے بجائے تمام نئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) تک بڑھایا جائے۔ ایک فیصد کا کم از کم ٹرن اوور ٹیکس کو صرف پبلک لسٹڈ کمپنیوں کے بجائے تمام کمپنیوں تک بڑھایا جائے۔یہ سفارشات راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے قائم مقام صدر محمد حمزہ سروش نے پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اور محصولات کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت گزشتہ روزفنانس بل 2023-24 کی سفارشات پر سینٹ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیں۔ اس موقع پر سابق صدور کاشف شبیر اور راجہ عامر اقبال، ایف بی آر کے نمائندگان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔