کاروباری اعتمادمیں کمی ، منفی 4سے مزید کم ہو کر منفی 25 ہوگیا ، رپورٹ

14 جون ، 2023

اسلام آباد ( تنویر ہاشمی ، کامرس رپورٹر ) ملک میں کاروباری اعتماد انڈیکس منفی چارسے کم ہو کر منفی 25پر آگیا ہے، اوورسیز انویسٹرزچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سروے کے مطابق ملک میں کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی ہوئی ہے، کاروباری اعتمادمیں سب سے زیادہ کمی مینوفیکچرنگ سیکٹر میں 22فیصد،ریٹیل اور ہول سیل ٹریڈ میں 21فیصد اور سروسز سیکٹر میں 18فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سروے میں 42فیصد جواب دہندگان مینوفیکچرنگ کے شعبے سے، 35فیصد خدمات کے شعبے سے اور 23فیصد ریٹیل اورہول سیل تجارت کے شعبے سے وابستہ تھے۔مجموعی طورپر مینوفیکچرنگ سیکٹر کااعتماد منفی 19فیصد، سروسز سیکٹر کا منفی26فیصد اور ریٹیل سیکٹر کا اعتمادمنفی 35فیصد رہا۔ سروے میں کاروبارکی ترقی کیلئے 3بڑے خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے، او آئی سی سی آئی کے بزنس کانفیڈنس انڈیکس 2023کے نتائج کے مطابق مارچ تا اپریل 2023کے دوران ملک میں جامع بزنس کانفیڈنس سروے کیا گیا ، نتائج کے مطابق ملک میں بزنس کانفیڈنس انڈیکس مجموعی طور پر منفی 25فیصد رہاجو ستمبر سے اکتوبر 2022میں کیے گے سروے کے منفی 4فیصد کے مقابلے میں 21فیصد منفی ہے، 82فیصد شرکاء کی رائے میں انتہائی بلند افراطِ زر، 74فیصد کے رائے میں ہائی ٹیکسیشن اور 72فیصد کے رائے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ہے جو ممکنہ طورپر پاکستان میں کاروبار ی ترقی کو سست کرسکتے ہیں،  بی سی آئی کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اوآئی سی سی آئی کے صدر عامر پراچہ نے کہاکہ گزشتہ سال کے دوران غیر مستحکم اور انتہائی چیلنجنگ معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مجموعی کاروبار ی اعتماد میں نمایاں کمی حیران کن نہیں ہے۔