طوفان کی شدت کم، پھر بھی خطرناک، کل کیٹی بندر سے ٹکرائے گا، شہر خالی، کراچی میں تیز ہوائیں

14 جون ، 2023

کراچی ، حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نامہ نگاران)سمندری طوفان بائپر جوائے کی شدت میں کمی ہوئی ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان انتہائی شدید سے شدید میں تبدیل ہوچکا تاہم یہ بھر خطرناک رہے گا ، طوفان کے مرکز میں ہوا کی رفتار 180کلو میٹر کو چھونے لگی ، طوفانی سسٹم کے مرکز کے اطراف سمندر میں شدید طغیانی ہے، لہریں 30فٹ تک بلند ہونے لگیں ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان 15جون یعنی کل جمعرات کی دوپہر کے قریب کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان 150 کلومیٹر کی رینج میں ٹکرائے گا،کیٹی بند ر کو خالی کروادیا گیا ہے جہاں طوفان کل ٹکرائے گا ،کراچی میں تیز ہواوں کا راج رہا ، بدین اور ٹھٹھہ سمیت کئی دیگر ساحلی علاقوں سے بھی ہزاروں افراد کا انخلا کرلیا گیا ہے کيٹی بندر پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی ، کھاروچھان کے کئی ديہات زیر آب آگئے ، بدين کے ساحلی علاقوں میں پانی ماہی گيروںکی بستی کے قريب داخل ہو گيا ، چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نےبتایا ہے کہ سمندری طوفان ٹھٹھہ سے 370اور کراچی سے 360کلو میٹر دور ہے ، سردار سرفراز کے مطابق ٹھٹھہ،سجاول اور بدین میں خاص طور پر آندھی اور تیز بارش ہو گی اور اس بارش کا پھیلاؤ تھر پارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص تک ہوگا، سندھ کے یہ 6 اضلاع اس وقت حساس ہیں، تیز ہوائیں اور سمندری لہروں کی اونچائی زیادہ ہوتی ہے تو ساحلی پٹی کے نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں،کراچی کی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ یہاں مٹی کے طوفان اور درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے، شہر قائد میں طوفان سے زیادہ خطرہ نہیں ، سائیکلون شہر کے جنوب سے نکل جائے گا ، بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کے علاقے اورماڑہ میں سمندری طوفان بائپرجوائے کے باعث سمندرکا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوا گیا لیکن حکام کا کہنا ہے کہ معاملہ زیادہ سنگین نہیں ہے، وزير اعظم شہباز شريف کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ، شہباز شریف نے ہنگامی امداد کیلئے کمیٹی بنادی ، وزیراعظم نے سمندری طوفان بائپرجوائے سے متاثرہ ساحلی علاقوں سے لوگوں کا مکمل انخلا کرنے اور طوفان سے ممکنہ متاثرو علاقوں کے لوگوں کو امدادی سامان کی فراہمی يقينی بنانے کی ہدايت کردی۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں کلاؤڈ برسٹ کاخطرہ ہے،لوگوں سے کہوں گا کہ وہ غیرضروری طورپر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے محکمہ موسمیات اور صوبائ ڈیزازسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا اس موقع پر چیف میڑولوجسٹ اور انتظامات کے بارے میں پی ڈی ایم اے نے تفصیلی بریفنگ دی ،چیف میٹرولوجسٹ نے کمشنر کو بتایا کہ کراچی میں 15, 16 اور 17جون کو تیز ہواوں کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہےخدشہ ہے کہ ایک سو ملی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی ہے ۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حيدر ملک کی وزيراعظم شہباز شريف سے ملاقات ، چيئرمين اين ڈی ايم اے نے وزير اعظم کو طوفان بپر جوائے سے پيدا ممکنہ صور ِت حال سے نمٹنے کی تياريوں سے آگاہ کيا۔