بھارتی گجرات میں طوفان کے اثرات، درخت اکھڑ گئے، 7 افراد ہلاک

14 جون ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) طاقتور سمندری طوفان بائپر جوائے بھارتی ریاست گجرات کے ساحل کے قریب پہنچ گیا جب کہ تیز رفتار گرد آلود ہواؤں اور سمندری تھپیڑوں سے کم سے کم 7 افراد اپنی جانوں سے پہلے ہی ہاتھ دھو بیٹھے،بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے تفریحی ساحلی مقام پر سمندری طوفان کے باعث 7 افراد ڈوب گئے، غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طوفان کل بھارتی گجرات سے ٹکرائے گا ، اس دوران ہوا کی رفتار 135 کلومیٹر سے 150 کلومیٹر تک چل سکتی ۔منگل کو بحیرہ عرب میں اونچی لہروں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں نے گجرات کے ساحلی علاقوں کو گھیر لیا، درخت اکھڑ گئے اور کئی گھروں کی دیواریں گرگئیں۔ گجرات کے 8 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ اسکولوں میں تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔پاکستان اور بھارت کے لیے خطرہ بننے والا سمندری طوفان بائپر جوائے پیش نظر پیشگی طور پر ماہی گیروں کو سمندروں سے واپس بلالیا گیا تھا اور ساحل کی قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے کہا کہ طوفان 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال کی طرف بڑھ رہا ہے، طوفان کا مرکز گجرات کے پور بندر کے جنوب مغرب میں ہے، بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان جمعرات کو سوراشٹرا، کچھ اور پاکستانی ساحلوں کو عبور کرے گا، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انڈین گجرات کے ضلع سوراشٹرا اور پور بندر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، بھارتی میڈیا نے بتایا کہ طوفان کے زیر اثر گجرات کے ساحلی علاقوں میں بلند لہریں اٹھ رہی ہیں، گجرات کے ساحلی علاقوں سے 11 ہزار افراد کا انخلا کرا لیا گیاجبکہ مجموعی طور پر بھارت کے ساحلی علاقوں سے 20ہزار افراد کا انخلا کیا گیا ہے ، بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات میں جمعہ تک ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ گجرات کی دو بندر گاہوں پر کام بند ہوگیا ہے اور اسکول بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔