سینیٹ، ملک کو IMF اور عالمی سامراج کے چنگل سے نکالنا ہوگا، بجٹ پر بحث

14 جون ، 2023

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)ارکان سینٹ نے بجٹ پر بحث جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو آئی ایم ایف اور بین الاقوامی سامراج کے چنگل سے نکالنا ہو گا ، بجٹ میں چھوٹے صوبوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے ، پاکستان کی اشرافیہ آج بھی رنگ رلیاں اور موج میلے کر رہی ہے مگر غریب آدمی دو وقت کی روٹی نہیں کھاسکتا، بجٹ ہمیشہ سے الفاظ کا گورکھ دھندہ، اعداد و شمار کا کھیل، جادونگری ہوتی ہے، ای او بی آئی کی پنشن میں کم از کم دس ہزار روپے اضافہ کیا جائے ،9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے، ماسٹر مائینڈ کو بھی کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے کیا گیا معاہدہ توڑا جس سے آئی ایم ایف کے ساتھ اعتماد سازی کو نقصان پہنچا، آئی ایم ایف کی شرائط پوری نہ ہونے سے مشکل صورتحال پیدا ہوئی، پہلے میثاق جمہوریت ہوئی تھی اب میثاق معیشت ہونا چاہیے تاکہ پالیسیوں کا تسلسل جاری رہے۔سنیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف اور بین الاقوامی سامراج کے چنگل سے نکلنا ہو گا ، اس سے زیادہ قیامت کیا ٹوٹے گی کہ آج غریب آدمی دو وقت کی روٹی نہیں کھاسکتا کیونکہ مہنگائی بہت زیادہ ہو چکی ہے ، پاکستان کی جو اشرافیہ ہے وہ آج بھی رنگ رلیاں اور موج میلے کر رہی ہے، نہایت افسو س کی بات ہے کہ اس بجٹ میں پھر چھوٹے صوبوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے ، موجودہ سیاسی صورتحال میں عدم استحکام کی وجہ سے معاشی عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے ، ٹیسٹ ٹیوب سیاسی پارٹی پیدا کرنا چھوڑ دیا جائے، اس کے نتائج خوفناک ہوتے ہیں پولٹیکل انجینئرنگ نہیں ہونی چاہیے ، ہر ادارے کو اپنے دیئے ہوئے آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے اس پر عملدرآمد انتہائی ضروری ہے۔سنیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ جمعرات کو کراچی کے میئر کا الیکشن ہے، جماعت اسلامی اور اس کی اتحادی جماعتوں کی اکثریت ہے ، وہاں اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش ہو رہی ہے ،دھونس دھاندلی او جبر سے لوگوں کی دفاداریاں تبدیل کی جا رہی ہیں، یہ جمہوریت پر شب خون ہے ، جمہوریت پر ڈاکہ اور شب خون نہ مارا جائے جماعت اسلامی کا مینڈیٹ تسلیم کیا جائے ،اس پر انہوں نےکچھ دیر کیلئے ایوان سے واک آئوٹ بھی کیا ۔