ٹرمپ کی گرفتاری، پاکستانی سیاستدانوں، عدلیہ اور اداروں کیلئے اہم پیغام

14 جون ، 2023

نیو یارک (تجزیہ ، عظیم ایم میاں ) سابق امریکا صدر اور 2024؁ء کے صدارتی انتخابات کے ری پبلکن امیدواروں میں بھی فی الحال صدارت کے لئے سب سے آگے انتخابی امیدوار ڈونلڈٹرمپ کی عدالت میں پیشی کے وقت گرفتاری پاکستانی سیاستدانوں ، عدلیہ ، پاکستان کے مفادارت کے نگرانوں ، جانبدار سیاسی ورکروں ، انسانی حقوق اور جمہوریت کے حامیوں اور قانون کی بالا دستی کے حامیوں سمیت سب کے لئے اہم پیغام لیے ہوئے ہے ،امریکا، برطانیہ اور یورپ کی مثالیں دینے والے ٹرمپ کی پیشی کے انداز پر نظر ڈالیں ، اس گرفتاری پر ٹرمپ کے حامیوں نے عدالت کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ٹرمپ کی گرفتاری کی مذمت کی لیکن امریکی جمہوریت اور عدلیہ نے یہ بھی واضح کر دیا کہ امریکی نظام میں سابق امریکی صدر ہو یا آنے والے انتخابات میں کوئی مقبول اور فرنٹ لائن صدارتی امیدوار ہو یا مہنگے اور قابل ترین وکلاء کی خدمات کا حامل اور دولت مند شہری ہو سب قانون کی بالا دستی کے یکساں طور پر تابع ہیں ۔ نہ کوئی عدالت پیشی پر خیر مقدم کرتے ہیں نہ ہی گرفتار ہونے پر مراعات اور ریسٹ ہاؤس اور دوستوں سے خوش گپیوں کی اجازت اور موقع فراہم کرتی ہے نہ ہی کسی جانبداری کا کھلا مظاہرہ کر کے عوام میں انگشت نمائی کے مواقع دیئے جاتے ہیں ۔ ٹرمپ کے خلاف سماعت کسی اعلیٰ عدالت میں نہیں بلکہ جوناتھن گڈمین نامی ایک مجسٹریٹ کی عدالت میں ہوئی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو سرکاری حساس دستاویزات کو چھپانے اور وہائٹ ہاؤس سے لے جانے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا جس میں پینٹا گون اور فوجی امور سے متعلق دستاویزات بھی شامل تھیں جب کہ پاکستان میں اقتدار سے محروم ہونے والے حکمران کھلے عام اپنے اقتدار کے ایام میں فوج کے کمانڈر انچیف سے اپنی ملاقاتوں ، گفتگو اور دیگر حساس امور کو اقتدار سے محروم ہونے پر خود اپنے سیاسی اور اقتدار مفادات کے لئےسر عام چرچا کرتے ہیں ۔ اور غیر ممالک کو بھی جگ ہنسائی کا موقع بھی فراہم کردیا جاتا ہے۔