کراچی کو طوفان سے اب تک کوئی خطرہ نہیں،شیری رحمٰن

14 جون ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں خطرناک صورتحال نہیں ہے سائیکلون کراچی کے جنوب سے نکل جائے گا، سمندری طوفان کا خطرہ موجو د ہے لیکن شدت کسی حد تک کم ہوئی ہے، وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمٰن نے کہا کہ کراچی کو طوفان سے براہ راست اب تک کوئی خطرہ نہیں ہے، کراچی کے جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشیں ہوسکتی ہیں۔میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر حملہ کس نے کروایا اس حوالے سے تحریک انصاف متضاد بیانات دیتی رہی اور خود ہی کنفیوژن کا شکار ہوگئی۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ سمندری طوفان کا خطرہ موجو د ہے لیکن شدت کسی حد تک کم ہوئی ہے، سمندری طوفان ٹھٹھہ سے 370کلومیٹر اور کراچی سے 380کلومیٹر دور ہے، اس وقت سمندری طوفان کا رخ شمال کی طرف ہے پھر شمال مشرق کی طرف ہوجائے گا،سمندری طوفان شمال مشرق کی طرف بڑھتا ہوا کیٹی بندر اور بھارتی گجرات سے گزرے گا یا ٹکرائے گا،کراچی میں کل ہلکی اور درمیانی بارش کا امکان ہے۔