چیئرمینPTIہر سیاسی جماعت سے بات کرناچاہتے ہیں،شعیب شاہین

14 جون ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے رکن شعیب شاہین نے کہا ہے کہمعاشی ایمرجنسی لگانے کیلئے صدر پاکستان کا مطمئن ہونا بہت ضروری ہے، چیئرمین پی ٹی آئی ہر سیاسی جماعت سے بات کرناچاہتے ہیں۔ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا ہے کہ اب چیئرمین تحریک انصاف سے بات نہیں ہوسکتی۔اپوزیشن جماعت جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے کہا کہ اکتوبر میں الیکشن کیلئے حکومت کی تیاری نہیں ہے، لگتا ہے الیکشن پانچ چھ ماہ آگے کردیئے جائیں گے۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ عمران خان جے آئی ٹی سے نکلنے کے بعد گھر جانے کے بجائے کافی دیر انتظار کرتے رہے، اس دوران حساب کتاب نکل رہا تھا جس میں بتایا جانا تھا کہ انہیں بنی گالہ جانا ہے یا زمان پارک جانا ہے، پی ٹی آئی نے فوجی تنصیبات پرحملہ کر کے اندرونی عدم استحکام کا مقدمہ خود بنالیا ہے، اکتوبر میں الیکشن کیلئے الیکشن کمیشن کی پوری تیاری ہے، حکومت نے بجٹ میں الیکشن کیلئے پیسے رکھ دیئے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں بشمول تحریک انصاف الیکشن کمیشن پرا عتماد کا اظہار کریں۔محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ نو مئی کو دفاعی تنصیبات پر حملے عمران خان کی تربیت کا نتیجہ ہیں، عمران خان سے بات کرنے کا وقت گزر گیا ہے۔جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے کہا کہ وفاقی حکومت پچھلے ایک سال سے اپنی بقا کی جنگ لڑرہی ہے، اسی لیے وزیرداخلہ نےسمندری طوفان کے بجائے عمران خان پر پریس کانفرنس کی، رانا ثناء اللہ شاید نئے نئے محب وطن ہوئے ہیں شاید اسی لیے زیادہ محبت کا اظہار کررہے ہیں، اداروں پر الزامات تو ن لیگ نے بھی لگائے ہیں انہوں نے تو ادارے پر جنگیں ہارنے کا الزام لگایا۔