ن لیگ میں شمولیت کے خواہشمندKPکے الیکٹبلز کی فہرست شہباز شریف کوپیش

14 جون ، 2023

اسلام آباد ( نیوز ر پورٹر) وزیر اعظم سے مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام کی قیادت میں لیگ ن کے قائدین مرتضی جاوید عباسی، پیر صابر شاہ، کیپٹن صفدر، شہاب الدین، اختیارولی ،جمشید مہمند اور سردار الورنگزیب نلوٹھا نے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن میں شمولیت کے خواہش مند خیبر پختونخوا کے الیکٹبلز کی فہرست پیش کی ، ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ انتخابات کیلئے خیبر پختونخوا کے ہر حلقہ سے مضبوط امیدوار کو میدان میں اتارا جائیگا جبکہ مقامی حالات کے مطابق اتحادی جماعتوں کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا آپشن بھی کھلا رکھا جائیگا، مسلم لیگ ن کے وفد نے وزیر اعظم سے بلین ٹری سونامی، بی آر ٹی اور مالم جبہ سمیت خیبر پختونخوا کے میگا کرپشن سکینڈلز پر احتساب کا عمل تیز کرنے کی درخواست کی ،وزیر اعظم نے گزشتہ دس سالوں میں خیبرپختونخوا کو ہزاروں ارب کا مقروض کرنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ قومی دولت لوٹنے والوں کو نہ پارٹی میں لیں گے نہ ہی رعایت برتی جائیگی، خیبرپختونخوا مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے ، صوبہ کی تمام مایوسیوں کو دور کرکے ترقی کے راستے پر ڈالا جائیگا ۔