پی ٹی آئی کارکنان کی رہائی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں 17انٹرا کورٹ اپیلیں

14 جون ، 2023

لاہور(آصف محمود بٹ سے) پنجاب حکومت نےپی ٹی آئی کے 3ایم پی او کے تحت گرفتار ہوکر لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی اور ملتان بنچو ں کے احکامات پر رہا ہونیوالے 15سو سے زائد رہنمائوں اور کارکنان کی رہائی کے خلاف 17انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کر دی ہیں۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق یہ اپیلیں 7اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کی طرف سے دائر کی گئی ہیں جنہوں نے 3ایم پی او کے تحت گرفتار افراد کی رہائی کے احکامات کو چیلنج کیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق شیخو پورہ ، فیصل آباد ، لاہور اور سرگودھا کے ڈپٹی کمشنروں کی طرف سے 4( سب کی طرف سے ایک ایک) جبکہ ڈپٹی کمشنر جھنگ کی طرف سے 2، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی طرف سے 3اور وزیرآباد کی طرف سے8انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کی گئی ہیں۔ اپیلوں میں استدعا کی گئی ہے 3ایم پی او کے تحت گرفتار افراد کی رہائی کے احکامات جاری کرتے ہوئےسنگین قانونی غلطیاں کی گئی ہیں ۔ یہ احکامات غیر قانونی تھے جن میں قانون کی غلط تشریح کی گئی اور حقائق کو مد نظر نہیں رکھا گیا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے انٹرا کورٹ اپیلوں میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے ہائیکورٹ کی طرف سے ڈپٹی کمشنروں کو 5ہزار روپے فی کس کے حساب اخراجات کی ادائیگی کے احکامات بھی قانون کے مطابق ٹھیک نہ تھے جن میں عدالت نےاپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے دائر انٹرا کورٹ اپیلوں کی سماعت کے لئے جسٹس شہباز علی رضوی کی سربراہی میں بننے والے ڈویثرن بنچ نے گزشتہ روز سماعت میں ڈپٹی کمشنروں کو اخراجات ادا کرنے کے حوالے سے جاری احکاما ت کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔