جناح ہائوس میں قائداعظم کی تصاویر بھی جلائی گئیں،وزیراطلاعات

14 جون ، 2023

لاہور(جنرل رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ن لیگ الیکشن کیلئے تیار ہے، ممکنہ اتحاد کا فیصلہ وقت آنے پر ہوگا،نواز شریف الیکشن سے پہلے پاکستان میں ہونگے، ایک فسادی، فتنے اور مسلح جتھوں کے ماسٹرمائنڈ شخص نے اپنے گھر میں بیٹھ کر جناح ہائوس کو آگ لگوائی، جناح ہائوس قائداعظم محمد علی جناحؒ کا گھر تھا جسے بے دردی سے نقصان پہنچایا گیا، وہاں قائداعظم کی تصاویر کو آگ لگائی گئی، کوئی محب وطن شخص اس قسم کی گھنائونی حرکت نہیں کر سکتا، 9 مئی کے واقعات میں جو بھی ملوث ہے اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جناح ہائوس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے دیکھا کہ کس طرح 9 مئی کو مسلح جتھوں اور غنڈوں نے جناح ہائوس پر حملہ کیا، حساس تنصیبات کو ٹارگٹ کیا گیا، شہداءکی یادگاروں کو جلایا گیا،نہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شخص ملک دشمن ہی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس غنڈہ گردی میں سہولت کاری کرتے رہے وہ بھی اس جرم کا حصہ ہیں، انہوں نے کہا کہ ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ ہزاروں خواتین جیلوں میں ہیں، ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔ جو خواتین جیلوں میں تھیں وہ باہر آ کر خود کہہ رہی ہیں کہ ان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی۔