ترکیہ اور پاکستانی عوام کے دل اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں،گورنر پنجاب

14 جون ، 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستانی عوام کے دل آپس میں محبت اور اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا تو ترکیہ سمیت بہت سے دوست ممالک نے آگے بڑھ کر مدد کی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں ڈاکٹر ارنیسٹ فہیم بھٹی جنرل سیکرٹری امپلیمیٹیشن مینارٹی رائٹس فورم کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔دریں ا ثنا لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں سٹوڈنٹ سنٹر کی نئی بلڈنگ کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ خدیجہ الکبریٰ بزنس انکیوبیشن سنٹر، یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر اور سٹوڈنٹ سروس سنٹر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی طالبات کو بااختیار بنانے، انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں زیادہ تر یونیورسٹیاں مسلم لیگ ن کی حکومتوں نے بنائی ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے کہا کہ یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر طالبات کے لئے ایک مرکز کے طور پر کام کرے گا، جو طالبات کو بااختیار بنانے اور ان کے تعلیمی سفر میں رہنمائی کے لیے معاونت فراہم کرے گا۔