HECبجٹ بڑھایا جائے، سندھ کےوائس چانسلرز کا وزیر اعظم کو خط

14 جون ، 2023

کراچی(سید محمد عسکری) سندھ کی 21 سرکاری جامعات کے وائس چانسلر نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے نمایاں طور پر بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ بجٹ میں اضافے سے وہ بڑھتی ہوئی تنخواہ اور پنشن کی ذمہ داریوں کو پورا کر سکیں گے۔ 21 وائس چانسلرز نے اپنے دستخطوں سے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی تنخواہ اور پنشن کی ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ ساتھ افراط زر کے حساب سے بجٹ میں یکساں اضافے کے بغیر، بہت سی یونیورسٹیاں اپنی تنخواہ اور پنشن کے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے جدوجہد کریں گی جب کہ کچھ یونیورسٹیاں ڈیفالٹ بھی ہو سکتی ہیں اور یہ صورتحال ہماری اعلیٰ تعلیم پر نقصان دہ اثر ڈالے گی خط میں وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ مشترکہ مفادات کی کونسل کا فوری اجلاس طلب کریں جہاں ہ اس اہم معاملے کو فوری طور پر زیر بحث لایا جائے اور اسے حل کیا جائے۔