لاہور ٹریفک پولیس، سرکاری پٹرول مد میں 2 کروڑ 20 لاکھ کی خوردبرد کا انکشاف

14 جون ، 2023

لاہور (کر ائم رپو رٹرسے) لاہور ٹریفک پولیس کے زیراستعمال سرکاری موٹر سائیکلوں کے پٹرول کی مد میں 2 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی خوردبرد کا انکشاف ہوا ہے، جس کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس کے 2وارڈنز محمد طارق اور ندیم اسلم محکمہ کے مجوزہ دفتر میں تعینات تھے جنہوں نے خراب سرکاری موٹر سائیکلوں کی مد میں بھی پٹرول نکلوایا۔ مذکورہ کرپشن سکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد اس معاملہ کی انکوائری کروائی گئی تو یہ بات ثابت ہوگئی کہ دونوں وارڈنز سرکاری کھاتے سے 88 ہزار 472 لٹر پٹرول کی خوردبرد کی ،جس کے بعد دونوں ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی سے بھی غائب ہو گئے ہیں جس پر ان دونوں وارڈنز محمد طارق اور ندیم اسلم کو اعلیٰ حکام نے ملازمت سے فارغ کر دیا اور انکے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرادیا ہے۔ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متعلقہ ذمہ داران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی گئی ہے ، ایم ٹی سیکشن میں پٹرول میں خورد برد کے مرتکب وارڈن طارق اور کانسٹبل ندیم اسلم کو برخاست کردیا گیاہے، علاوہ ازیں انکےخلاف مقدمہ بھی درج کرواد یا ہے، مال سرکار میں ہاتھ صاف کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔