اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ ) چیئر مین پبلک اکا ئونٹس کمیٹی نور عالم خان نے قومی اسمبلی میں بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان اور وزراء کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ نور عالم نے کہا کہ میرے دوستوں نے بجٹ کو بہت اچھا کہا اور مجھے حیرانی ہوئی۔مجھے پالش لگانی نہیں آتی، میں سیدھی بات کرتا ہوں۔ بجٹ پر بحث جاری ہے اور وزراء موجود نہیں۔ وزیر مملکت برائے خزانہ ، وزیر منصو بہ بندی موجودنہیں ،مجھے یہاں وزراء نہیں مگر ان کی لینڈکروزر نظر آتی ہیں۔ میں ان وزراء کو کہتا ہوں کہ جب آپ کرسی پر ہوتے ہیں تو آپ کو سب بڑا اچھا لگنا شروع ہو جاتا ہے۔ یہ بتائیں کہ غریب بندے کو انہوں نے دیا ہی کیا ہے۔ اس بجٹ میں عوام کیلئے کیا ہے۔ کچھ بھی نہیں۔ یہ ماضی کی طرح کا ایک معمول کا بجٹ ہے۔ پہلے حماد اظہر نے پیش کیا۔ پھر شوکت ترین نے ۔ پھر مفتاح اسمعیل اور اب اسحق ٰڈار نے۔آپ نے زراعت سے متعلق کسان کو کچھ نہیں دیا۔ یوریا فیکٹری مالکان کو سب کچھ دیا ہے۔ غریب کسان مراعات سے محروم ہے۔آپ تنخواہوں کی بات کرتے ہیں مگر ریڑی والے کا کون سوچے گا۔ بجٹ میں اوورسیز پا کستانیوں کیلئے کہا گیا ہے کہ جو پچاس ہزار ڈالر بھیجے گا اسے مراعات دیں گے۔ پا کستان کو ترسیلات زر بر طانیہ یا مغربی ممالک سے کم آتی ہیں۔سعودی عرب ‘ متحدہ اعرب امارات اور قطر وغیرہ سے زیادہ آتی ہیں۔ انہیں وی آئی پی سلوک دیا جا ئے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بھاشا ڈیم فنڈ کے بارے میں معلومات کیلئے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو بلایا۔ انہوں نے سترہ ارب روپے ڈیم پر کیوں نہیں لگائے ۔ انہوں نے نو مئی کے واقعات پر تنقید کی اور کہا کہ انہوں نے شہیدوں کے مجسموں کی بے حرمتی کی۔ نور عالم خان نےحکومت پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ بتائیں ایک سال میں آپ نےکیا کیا ہے؟ مہنگائی ہے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے۔حکومت کی نااہلی ثابت ہوئی۔سابقہ حکومت میں مہنگائی پر تنقید کی تو مجھے نیب اور ایف آئی اے بھگتانا پڑا کیونکہ عمران خان کو برا لگا۔ میں اب بھی تنقید کرونگا۔انہوں نے آئی ایم ایف اور امریکہ پر بھی تنقید کرتےہوئے کہا کہ پا کستان کو ڈکٹیشن نہ دی جا ئے۔ ایف بی آر بیماری کی جڑ ہے۔ حکومت اس کی اسٹرکچرل اصلاحات کرے۔ انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کیسے 190ملین پا ئونڈ ایک شخص کو دیدیے جو قوم کی امانت تھی۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ آئین کی تشریح کرسکتی ہے ۔ آئین تحریر نہیں کرسکتی۔ ایک وزیر اعظم کو اقامہ پر اور دوسرے کو خط نہ لکھنے پر نکالا گیا۔ یہ زیادتی کی گئی، انہوں نے کہا کہ پا کستانی افواج اور پولیس زندہ باد، چو ر اور غدار مردہ باد۔بعد ازاں وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا ایوان میں آگئیں ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں تھیں۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈارنےقومی اسمبلی میں بتایا کہ بجٹ میں تاجروں اوربزنس کمیونٹی کی تجاویز اوربے قاعدگیوں سے متعلق دو کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں ، بجٹ پربحث کے تمام نکات نوٹ کئے جارہے ہیں۔بزنس کمیٹی کی قیادت فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس کے صدرکریں گے جس میں ایف بی آر کے ممبرکسٹمزپالیسی اورممبران لینڈریونیو وائس چئیرمین ہوں گے، اس کمیٹی میں مختلف ایوان ہائے صنعت وتجارت کے نمائندے شامل ہوں گے، اناملی کمیٹی کی صدارت اشفاق تولہ کریں گے جبکہ اس کمیٹی میں بھی ایف بی آر کے ممبرکسٹمزپالیسی اورممبران لینڈریونیو وائس چئیرمین کے فرائض سرانجام دیں گے۔وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مہمند، داسو اور بھاشا ڈیموں کی تعمیر قومی ترجیح بنایا جائے تو ہمارے پاس اپنی اتنی دولت آ جائے گی کہ کسی دوسرے کی طرف دیکھنے کی ضرورت محسوس نہیں ہو گی، ہم نے اپنے وسائل کو استعمال کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو بے توقیر نہیں ہونا چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ فیصلے اس ایوان سے کئے جائیں، مگر بعض ادارے اداروں کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں، ہم کسی کارکن یا سیاسی جماعت کے خلاف نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت کو نقصان نہ پہنچے۔
اسلام آباد پاکستان میں کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے حوالے سے ایک اہم اور انقلابی قدم اٹھایا گیا ہے...
اسلام آباد اسلام آباد ہائیکورٹ کی تاریخ میں پہلی بار اڑھائی سال کے انتظار کے بعد محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا...
لاہور بھارتی پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزارت خارجہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے...
اسلام آ باد پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈائریکٹر فنا نس مہر محمد عثمان کے تبادلہ کو دو ماہ گزرنے...
اسلام آباد پاک بحریہ کے آفیسرز، سی پی اوز/سیلرز اور سویلینز کو عسکری اعزازات تفویض کرنے کی تقریب کا...
اسلام آباد سپریم کورٹ نےقتل کے ایک مقدمہ کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے وفاقی اور چاروں صوبائی پولیس سربراہان کو...
لاہور پنجاب حکومت نے 3 افسران کے تقروتبادلے کے احکامات جاری کئے ہیں تقرری کے منتظر عمران اکرم چوہان کو...
نیویارک پاکستانی بیت المال کے سربراہ کیپٹن خالد شاہین بٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو مشورہ دیا ہے کہ فون پر...