ژوب،بجلی کی طویل و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ،ٹرپنگ ،صارفین رل گئے

17 جون ، 2023

ژوب (نامہ نگار ) بجلی کی طویل و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بار بار ٹرپنگ، شدید گرمی میں شہری رل گئے، ہسپتالوں میں داخل مریض اور سکولوں میں طلبہ کومشکلات، رپورٹ کے مطابق بجلی کی طویل و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بار بار ٹرپنگ میں بھی نمایاں اضافہ ہو گیا ہے شہر ی علاقوں میں یومیہ کم از کم 16 گھنٹے طویل وغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے دن کے اوقات میں بجلی کی بندش سے سکولوں میں طلبا و طالبات اور ہسپتالوں میں داخل مریض تڑپنے لگے لوڈشیڈنگ نے بحران کی شکل اختیار کر لی ہے شہر کے تینوں فیڈروں پر بجلی کی گھمبیر صورتحال سے شہری سخت پریشانی کا شکارہیں اس کے ساتھ بار بار ٹرپنگ کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے جس کے نتیجے میں قیمتی الیکٹرانک اشیاء جلنے سے صارفین کا بھاری نقصان ہو رہا ہے کم وولٹیج کے باعث جلنے والے ٹرانسفارمر صارفین چندہ جمع کر کے اپنی مدد آپ کے تحت مرمت کرر ہے ہیں ان حالات میں پینے کے پانی کی شدید قلت اور کاروبار زندگی عملاً معطل ہو کر رہ گیا ہے بجلی کی عدم فراہمی کے باوجود ہزاروں روپے کے بل موصول ہو رہے ہیں عوامی حلقوں نے طویل و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور ٹرپنگ کا سلسلہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔