معیشت کی بحالی میں تاجر اہم کرداراداکرسکتے ہیں ‘ گورنر کاکڑ

17 جون ، 2023

کوئٹہ (خ ن) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ زبوں حال معیشت کی بحالی میں تاجر حضرات اہم کردار ادا کر سکتے ہیں تاجر برادری ایک جانب ٹیکس کی مد میں قومی خزانے کو کروڑوں روپے دیتے ہیں تو دوسری طرف بڑے پیمانے پر روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرتے ہیں حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ تاجروں اور صنعتکاروں کو مکمل تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اجمل بلوچ کی قیادت میں بلوچستان کے تاجروں پر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیاتاجروں نے گورنر کو تجارتی اشیاء کی نقل و حمل میں سرکاری اہلکاروں کی جانب سے بعض بےقاعدگیوں کی شکایت کی گورنر بلوچستان نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی تاجروں اور صنعتکاروں کے تحفظات دور کرنے کیلئے صوبے کے مختلف علاقوں میں چیک پوسٹوں کی تعداد میں کمی کی ہے تاہم صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور تاجروں کی جائز شکایات دور کرنے کیلئے وہ متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام سے بات کریں گےسرحدی تجارت کھلنے سمیت حکومت متعدد دیگر اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے نتیجے میں متصل علاقوں سے معاشی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہونے کی توقع ہے انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ انھیں ہر ممکن سہولت کی فراہمی میں وہ اپنا کردار ادا کریں گے اور آپ کی آواز وفاقی حکومت تک پہنچائیں گے۔