رئیل سیکٹر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے،صدر اسلام آبادچیمبر

17 جون ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی)صدر اسلام آباد چیمبر احسن بختاوری نے کہا ہے کہ رئیل سٹیٹ سیکٹر پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے گزشتہ دو دہائیوں میں تعمیرات کے شعبے نے معیشت کی بحالی،روزگار کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں، اسلام آبادا سٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن بزنس کمیونٹی کی نمایاں تنظیموں میں سے ایک ہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر میں اسلام آبادا سٹیٹ ایجنٹس ایسو سی ایشن کے عہدیداران اور ممبران کے اعزا ز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے نائب صدر چیمبر انجینئر اظہر اسلام، صدر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسو سی ایشن سردار طاہر محمود سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر ملک، سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری،اعجاز عباسی، زاہدرفیق،عابد خان،طاہر عباسی،میاں مقبول سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔صدر اسلام آباد چیمبر نے کہا کہ آئی ای اے اے کی موجودہ باڈی نے اسلام آباد چیمبر کے ساتھ مل کر مسائل کے حل کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے موجودہ قیادت اور ممبران کا اتحاد مثالی ہے ہمیں مسائل کے حل کیلئے اسی اتحاد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر نے گزشتہ 8 ماہ میں کئی تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں جن میں سی ڈی اے بورڈ میں چیمبر کی نمائندگی،ایکسپو سینٹر ،سکول،ہسپتال اور گرائونڈ کی تعمیر کے منصوبوں پر کام کا آغاز شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ان تمام منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے ایکسپو سینٹر اسلام آباد چیمبر کا درینہ منصوبہ ہے چند دنوں میں اس حوالے سے ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ساتھ معاہدہ طے پا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ان تمام پروجیکٹس کی تعمیر کیلئے اسلام آبادا سٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کا کردار انتہائی کلیدی ہوگا ۔