اسد رحمٰن گیلانی نے چیئرمین نادرا کے عہدے کا چارج سنبھال لیا

17 جون ، 2023

اسلام آباد (طاہر خلیل ) اسد رحمٰن گیلانی نے چیئرمین نادرا کے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور نادرا ہیڈکوارٹرز میں پہلے دن اپنے فرائض منصبی انجام دئیے۔ اسد گیلانی تجربہ کار سینئر بیوروکریٹ ، ہارورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن، لندن سکول آف ا کنامکس سے تعلیم یافتہ ہیں،چیئرمین نادرا نے تمام ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی معمول کی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری رکھیں اور عوام کو نادرا خدمات اور سہولیات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں۔ چیئرمین نادرا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو نادرا خدمات کی فراہمی میں بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس سلسلے میں وہ علاقائی دفاتر کی سرگرمیوں کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کیلئے بہت جلد نادرا ریجنل ہیڈ آفسز کے دورے کریں گے۔انہوں نے نادرا کے تمام شعبوں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ شناختی کارڈ کی پرنٹنگ کے سلسلے میں بیک لاگ کو جلد از جلد ختم کرنے کیلئے ہفتہ اور اتوار کے دن بھی دفتری سرگرمیاں جاری رکھی جائیں۔ نئے تعینات ہونے والے چیئرمین نادرا اسد رحمٰن تجربہ کار سینئر بیوروکریٹ ہیں، ہارورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن اور لندن سکول آف ا کنامکس سے تعلیم یافتہ ہیں۔ اس سے قبل سرمایہ کاری بورڈ میں وہ بطور وفاقی سیکرٹری اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔چیئرمین نادرا اسد رحمٰن گیلانی پبلک پالیسی کے ماہر ہیں اور 26 سال سے حکومتِ پاکستان کیلئے مستقل سِوِل ملازم اور پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے 1996 میں ملازمت کا آغاز کیا اور کئی مختلف شعبوں اور علاقوں میں خدمات انجام دینے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔