سرینگر (اے ایف پی، جنگ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے مزید پانچ کشمیری نوجوانوں کو جعلی آپریشن کے دوران شہید کردیا ، پولیس کے مطابق واقعہ کپواڑہ کے علاقے میں سرحد کے قریب پیش آیا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں پولیس کے سربراہ وجے کمار نے ٹوئٹر پر دعویٰ کیا ہے کہ جما گوند کے علاقے میں پانچ ’’غیر ملکی جنگجو ‘‘ فورسز کیساتھ جھڑپ میں مارے گئے ہیں ، فرانسیسی خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی جاسکی ہے ، کشمیری ذرائع کے مطابق پانچوں نوجوانوں کو کپواڑہ ضلع کے علاقے میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا ،آخری اطلاعات تک علاقے میں آپریشن کی کارروائی کا سلسلہ جاری تھا ۔ دوسری جانب بھارتی فوجیوں نے پونچھ اور راجوری ڈسٹرکٹ کے علاقوں میں بھی سرچ آپریشن اور ناکہ بندیوں کی کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔