سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ، ڈرائیور زخمی

17 جون ، 2023

لاہور(آئی این پی،پی پی آئی)سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کا ڈرائیور زخمی ہوگیا،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے حملہ آوروں کی شناخت میں مدد لی جارہی ہے ،لاہور کے علاقے ڈیفنس میں سابق گورنر پنجاب کے گھر پر نامعلوم افراد کی جانب سے رات گئے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ان کا ڈرائیور زخمی ہوگیا جبکہ فائرنگ کرنے والے افراد فرار ہوگئے،لطیف کھوسہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نامعلوم افراد نے گھر پر فائرنگ کی جو اتنی شدید تھی کہ گولیاں گھر کے دروازے کو چیرتی ہوئی اندر کھڑی گاڑیوں کو لگیں اور فائرنگ سے میرا ڈرائیور بھی زخمی ہوا، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سینئر وکیل لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت اور آئی جی پنجاب سے مذکورہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے،دوسری جانب ایس پی کینٹ اویس شفیق فائرنگ کے واقعے کے بعد سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پہنچے،پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق لطیف کھوسہ کے گھر پر پستول اور رائفل سے سات فائر کئے گئے ، ایک گولی گیراج میں موجود ڈرائیور جاوید کو لگی جسے زخمی حالت میں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا،پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے حملہ آوروں کی شناخت میں مدد لی جارہی ہے ۔ لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والا نہیں، موقف سے پیچھے نہیں ہٹو ں گا۔ سابق گورنر پنجاب نے کہا کہ نامعلوم افراد نے گھر پر فائرنگ کی جو اتنی شدید تھی کہ گولیاں گھر کے دروازے کو چیرتی ہوئی اندر کھڑی گاڑیوں کو لگیں اور فائرنگ سے میرا ڈرائیور بھی زخمی ہوا۔ سنیئر قانون دان اعتزاز احسن اظہار یکجہتی کیلئے لطیف کھوسہ کے گھر پہنچے اور واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔