اسلام آباد (صالح ظافر) حکومت نے جون کے آخر تک الیکشن کمیشن ایکٹ میں ترمیم کی حکمت عمل بنالی۔ الیکشن کمیشن ایکٹ اور سینیٹ کے ارکان کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق بلز جون کے آخر تک کتاب کا حصہ بننے کا امکان ہے۔ فنانس بل کی منظوری کے فوری بعد یہ بل ماہ کے آخری ہفتے میں قومی اسمبلی کے سامنے رکھے جائیں گے۔ باوثوق ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ حکومت نے بغیر کسی تاخیر کے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کیے گئے بلوں کے لیے صدارتی منظوری حاصل کرنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ یہ بل ان دنوں ایوان صدر کو منظوری کے لیے بھیجے جائیں گے جب صدر عارف علوی ملک سے دور ہوں گے جیسا کہ وہ اگلے ہفتے کے آخر میں حج کے لیے روانہ ہونے والے ہیں۔ علوی نے متعدد مواقع پر اپنے آئینی اختیار کا استعمال کرتے ہوئے حکومتی کارروائیوں میں رکاوٹیں ڈالی ہیں جن میں منظوری کے بغیر بلوں کو مسترد کرنا، اپنے اعتراضات کو منسلک کرنا شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عارف علوی نے گزشتہ ماہ ایک بل کی منظوری دی تھی اور اس سے حکومت کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا رویہ ترک کرنے کا اشارہ ملا ہے۔