اسلام آباد ( ایوب ناصرخصوصی نامہ نگار ، نیوز رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل نے وزیراعظم شہباز شریف کو آئندہ چار سال کیلئے بلامقابلہ پارٹی کا دوبارہ صدر منتخب کر لیا، نوازشریف پارٹی کے تاحیات قائد جبکہ مریم نواز شریف سینئر نائب صدر اور پارٹی کی چیف آرگنائزر، احسن اقبال سیکرٹری جنرل ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب مرکزی سیکرٹری اطلاعات جبکہ اسحا ق ڈار کو صدر اوورسیز منتخب کر لیا۔ پاکستان مسلم (ن) کے جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر شہباز شریف نے تمام منتخب ہونے والے اراکین کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ عہدہ نواز شریف کی امانت ہے، وہ آئیں اور اگلا الیکشن لڑکر چوتھی بار وزیراعظم بنیں، اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچنے والوں کیلئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے، آئی ایم ایف سے آج بھی سینگ پھنسے ہوئے ہیں، روس سے سستا تیل سائفر والے کے منہ پر زناٹے کا طمانچہ ہے، اس موقع پر ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پارٹی قائد الیکشن سے پہلے پاکستان میں ہونگے، شہباز شریف نے ملک کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس پارک روڈ پر واقع مسلم لیگ (ن) سینٹرل سیکرٹریٹ میں بعد از نماز جمعہ ہوا ، کونسل کے رکن سردار یوسف کو پانچ رکنی الیکشن کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا جس میں بیگم عشرت اشرف،سید شاہ محمد شاہ،بیرسٹر عثمان ابراہیم اور جمال شاہ کاکڑ بھی شامل تھے ،اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیر دفاع خواجہ آصف، راجہ ظفر الحق، انجینئر امیر مقام، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل خان، شاہ غلام قادر سمیت چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے نائب صدور اور دیگر عہدیداروں کے علاوہ بڑی تعداد میں ملک بھر سے پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی، انٹرا پارٹی الیکشن کے چیئرمین سردار یوسف نے جنرل کونسل کی طرف سے منتخب کردہ پارٹی عہدیداروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مریم اورنگزیب مرکزی سیکرٹری اطلاعات، عطاء اﷲ تارڑ ڈپٹی سیکرٹری جنرل ہونگے، مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار اور پارٹی صدر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرنے کی قراردادیں منظور کیں۔ قرارداد کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی گئی۔مسلم (ن) کے جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف شرائط پوری کرنے کیلئے ہم الٹے سیدھے تک ہوگئے ہیں، آپ دعا کریں کہ ہمارا معاہدہ ہوجائے، امید ہے اللہ دعا سنے گا اور پھر پاکستان کے سارے مسائل حل ہوجائیں گے۔ ہم ملکی مفاد کی خاطر آئی ایم ایف سے بات کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، جن حالات میں اقتدار سنبھالا وہ کانٹوں کا اسٹیج تھا،ہماری کوشش ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈز کے ساتھ مختصر مدت کا ہی معاہدہ ہوجائے تاکہ ہم بڑے معاشی چیلنجز سے نکل جائیں ، الیکشن کمیشن کی تلوار ہمارے سروں پر لٹک رہی تھی جسکی وجہ سے انٹرپارٹی الیکشن کا انعقاد کرنا پڑا، میں سب کا مشکور ہوں،دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشکل صورتحال کے باوجود بجٹ میں سرکاری ملازمین اور عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا ہے، پاکستانی ایک جری قوم ہے جس نے بہادری سے تمام مشکل چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے، سائفر اور غیر ملکی سازش کا بیانیہ دینے والا مسلسل جھوٹ بولتا رہا، روس سے سستا تیل آ چکا ہے، آذربائیجان سے بھی توانائی کا معاہدہ ہو چکا ہے، پاکستان کا بچہ بچہ کٹ مر سکتا ہے لیکن کشمیر پر سودا نہیں کر سکتا، وہ وقت دور نہیں جب نواز شریف چوتھی بار ملک کے وزیراعظم بنیں گے،مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، دنیا میں تیل، اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں، ہم نے ہمت نہیں ہاری، اتحادی حکومت نے فیصلہ کیا کہ مشکلات کا مل کر مقابلہ کریں گے، پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ن کے قائد نواز شریف آئندہ الیکشن کی قیادت خود کرینگے، ملک کو بنانے والے ہاتھ کبھی ملک کو نہیں توڑ سکتے ، لیڈر قوم کا استاد ہوتا ہے ، وہ اپنی مثال کے ذریعے پیروی کی ترغیب دیتا ہے۔مسلم لیگ (ن) اس قوم کا ماضی تھی، حال ہے اور مستقبل رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ جسے کنگز پارٹی کہا جاتا تھا اسے ڈرائنگ روم سے نکال کر ایک بڑی پارٹی بنادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 2022 میں ڈیفالٹ کے دہانے پر پاکستان اتحادی حکومت کو ملا ، وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل ترین حالات میں پاکستان کو چلا کر دکھایا اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے دور رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کو چلانا آسان کام نہیں ہے، شہباز شریف کو داد دیتی ہوں کہ مشکل سے معاملات کو چلارہے ہیں وہ اور انکی ٹیم بہتر کارکردگی پر مبارکباد کے مستحق ہیں، شہباز شریف نے ہمیشہ نواز شریف کو اپنا صدر سمجھا اور کوئی فیصلہ بھی انکی اجازت کے بغیر نہیں کیا ،دل سے جماعت کا صدر ان کو سمجھتے ہیں، نواز شریف نے ایشین ٹائیگر، سی پیک، انفراسٹرکچر، موٹرویز، ہائی ویز کا تصور پاکستان میں متعارف کرادیا ، آزاد کشمیر سے گلگت ،پورے ملک میں کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ اٹھا کر دیکھ لیں وہ نواز شریف کا ہی منصوبہ ہوگا ، مسلم لیگ ن نے مظالم، انتقام کے باوجود نواز شریف اور ن لیگ نے کبھی صبر کا دامن ہاتھ میں نہیں چھوڑا۔ نواز شریف نے ہمیشہ یہ کہا کہ بدتہذیبی کا جواب تہذیب سے دو ، شرم کی بات ہے کہ دوسرے ممالک کے سینیٹرز سے پاکستان کے معاملات پر بیانات دلوائے جارہے ہیں ، کبھی کسی نے سنا ہو کہ نواز شریف نے کسی غیر ملکی فورم سے مدد مانگی ہو ، نواز شریف کو مٹانے والے کئی آئے اور کئی چلے گئے ، آج وہ اکیلا پورے آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں ن لیگ بھاری اکثریت لیکر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریگی ، ن لیگ کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل ہوچکا ہے،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ وہ شخص جو کہتا تھا کہ میں بہت مقبول ہوں کسی کو نہیں چھوڑوں گا ، آج اسے سب چھوڑ گئے ہیں اور کوئی بات بھی نہیں کرتا ، کہ ہمارے قائد پر مشکل وقت آیا تو اس قسم کی باتیں نہیں کیں،اللہ نے کیسا انصاف کیا ہے نہ صرف میرے قائد بلکہ اپوزیشن کے تمام قائدین کو سرخرو کیا ہے، جولائی 2018 میں نواز شریف کا جو سفر روکا گیا وہ اسی سال اسی جگہ سے شروع ہوگا، وزیراعظم کے مشیر انجنیئر امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کو کہتا ہوں کہ نواز شریف اور ن لیگ کے علاوہ کون ہے جس نے کوئی بڑا منصوبہ یا موٹر ویز دیئے ہیں ۔بلوچستان سے مسلم لیگ ن کے صدر جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ہماری قیادت نے ہر سختی کا مقابلہ کیا ہے ۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں 2021 کے الیکشن میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔
اسلام آباد سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے منسوب سائفر سے متعلق طویل عرصے سے جاری سیاسی تنازع ایک بار پھر اس...
اسلام آباد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر...
لاہور پاکستان مسلم لیگ کے صدر محمد نواز شریف سے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے ملاقات کی جس میں پاکستان...
راولپنڈی 4رکنی میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل میں عمران خان کاطبی معائنہ مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئی ۔ جیل...
اسلام آباد نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے سعودی عرب ، ایران اور متحدہ عرب امارات کے میں...
اسلام آباد روس نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی نہ صرف علاقائی تجارت بلکہ اہم...
کراچی امریکا کی ایران، امارات اور چین میں تہران سے منسلک 50 اداروں پر نئی پابندیاں، تیل و گیس ٹینکرز، مالیاتی...
کراچی ماہر بین الاقوامی امور ڈاکٹر کامران بخاری نے کہا ہے کہ حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا بغیر جنگ مسئلہ حل...