سمندری طوفان گجرات سے راجستھان کی طرف بڑھ گیا، پاکستان محفوظ

17 جون ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک،نامہ نگار ، نیوز ایجنسی) بحیرہ عرب میں بننے والے انتہائی شدید سمندری طوفان ’بپرجوائے‘ کا بھارتی گجرات کی ساحلی پٹی سے ٹکرانے کے بعد زور ٹوٹ گیا ، سمندری طوفان راجستھان کی طرف بڑھ گیا ہے ، پاکستان سے بپر جوائے کا خطرہ ٹل گیا، سمندری طوفان کمزور ہو کر سائیکلون اور شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ، ساحلی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ سمندری طوفان بپر جوائے کے متوقع اثرات سے نمٹنےکیلئے مکمل طور پر تیار تھے تاہم پاکستان اس کی شدت سے محفوظ رہا۔انہوں نے بتایا کہ سندھ کے ساحلی علاقے جیسے سجاول سطح سمندر بلند ہونے کی وجہ سے ڈوب گیا تھا لیکن زیادہ تر افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔سمندری طوفان بپرجوائے کا خطرہ ٹلنے کے بعد کراچی میں انتظامیہ نے عبداللہ شاہ غازی کا مزار کھولنے کا اعلان کردیا گیا ، ۔بھارتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا کہ انتہائی شدید سمندری طوفان‘ کے خشکی سے ٹکرانے کا عمل مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے سوراشٹرا-کچھ کے ساحل کے ساتھ شروع ہوا اور آدھی رات کے بعد مکمل ہوا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بائپر جوائے کے ٹکرانے پر 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تباہ کن ہوائیں چلیں، سمندری پانی نشیبی علاقوں میں واقع دیہاتوں میں داخل ہوگیا۔تیز ہواؤں نے سیکڑوں درخت اکھاڑ پھینکے، مواصلاتی ٹاورز کو نقصان پہنچا، بجلی کے کھمبے گرے، ٹھوس چیزیں اُڑ گئیں اور گرد آلود ہوائیں اُٹھیں ۔بھارت کے محکمہ موسمیات نے جمعہ تک گجرات کی پڑوسی ریاست راجستھان میں انتہائی شدید بارش کا انتباہ جاری کیا ہے۔