چیئرمین PTIسیاست میں مرکزی کردار کی پوزیشن میں نہیں ہونگے،رانا ثناء

17 جون ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کے پی میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے برآمد ہونے والی گاڑیاں حکومت کی ہیں، چیئرمین تحریک انصاف اب کبھی ملکی سیاست میں مرکزی کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں گے،وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان میں ورلڈ کلاس ریفائنری کا دس ہزار ملین ڈالرز کا معاہدہ کر کے جائیں گے، روسی تیل کا فائدہ نہ ہونے کا کہنے والے پچھلی حکومت میں اس کے دعویدار کیوں تھے؟، روسی تیل سستا نہیں تھا تو سابق وزیراعظم لانے کے اعلانات کیوں کررہے تھے،سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کیلئے بدترین صورتحال آنا باقی ہے، فوجی عدالتوں سے لوگوں کو سزائیں ملیں گی جو بہت حوصلہ شکن ہوں گی، وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ چیئرمین تحریک انصاف اب کبھی ملکی سیاست میں مرکزی کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں گے، اعظم خان کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا،اعظم خان کے حوالے سے درخواست پر انکوائری کا عمل کیا جائے گا، دیکھا جائے گا کہ اعظم خان لاپتہ ہوئے ہیں یا خود ہی کسی جگہ موجود ہیں،اعظم خان کے اہل خانہ نے ان کی گمشدگی کی جگہ کی نشاندہی نہیں کی۔ کے پی میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے برآمد ہونے والی گاڑیاں حکومت کی ہیں، چیف سیکرٹری نے مجھے ذمہ داری سے بتایا کہ یہ گاڑیاں حکومت کی ہیں، انہیں متعدد بار حکومت کی گاڑیاں واپس کرنے کیلئے کہا گیا لیکن یہ واپس نہیں کررہے تھے، یہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی ذاتی گاڑیاں تھیں تو ریکارڈ پیش کریں،رانا ثناء نے کہا کہ پرویز الٰہی کو جیل میں تمام میڈیکل سہولتیں حاصل ہیں ، ضرور محسوس ہوئی تو پرویز الٰہی کا اسپتال لے جاکر مکمل چیک اپ ہوگا، پی ٹی آئی نے پہلے خواتین سے متعلق غلط پروپیگنڈا کیا،جیل میں قید خواتین نے خود بیان دیا کہ ہمارے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا جو عروج آنا تھا وہ 8مئی تک آچکا ہے، 9مئی کے بعد کو اس کا ووٹ بینک بڑھنا اس کی خام خیالی ہے، آئندہ انتخابات آئینی مدت میں ہونے چاہئیں، اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد ہمیں جانا اور وقت پر الیکشن ہونا چاہئے، الیکشن کیلئے حکومت نے بجٹ میں پیسے رکھے ہیں، ہم نہ کبھی الیکشن سے بھاگے ہیں نہ بھاگیں گے، پورے ملک میں ایک دن الیکشن ہونے چاہئیں ، اکتوبر یا نومبر کے پہلے ہفتے میں الیکشن ہونا ہیں۔ وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا یہ دعویٰ غلط تھا کہ ہم نے روس سے تیل لینے کیلئے گفتگو شروع کردی ہے۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روس میں تقریباً آٹھ قسم کے خام تیل دستیاب ہیں، ہم روس سے جو تیل لے رہے ہیں وہ سب سے زیادہ لائٹ نہیں ہے، ہم روس سے یورول خام تیل لے رہے ہیں، ملک کی ریفائنریز لائٹ عربین خام تیل ریفائن کرنے کیلئے ڈیزائن ہیں، ہم اپنی ریفائنری میں روس کا تیل استعمال کریں گے تو فرنس آئل کی پروڈکشن بڑھے گی، مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کو کسی ماڈل میں بھی روسی تیل خریدنے سے نقصان نہیں ہوگا، فرنس آئل کی پیداوار، ٹرانسپورٹیشن اور انشورنس کی لاگت بڑھنے کے باوجود ہمیں فائدہ ہوگا، سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کیلئے بدترین صورتحال آنا باقی ہے، فوجی عدالتوں سے لوگوں کو سزائیں ملیں گی جو بہت حوصلہ شکن ہوں گی، عمران خان کا ووٹ بینک بہت جلدی ختم نہیں ہوگا، فلوٹنگ ووٹ جو پہلے عمران خان کے ساتھ چلا گیا تھا اب ان کا ساتھ چھوڑ جائے گا، الیکٹ ایبلز عمران خان کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں اس سے دھڑوں کا ووٹ کم ہورہا ہے، پی ٹی آئی کی ٹاپ اور مڈل قیادت عمران خان کا ساتھ چھوڑ رہی ہے اس سے ان کا اقتدار حاصل کرنا مشکل ہوجائے گا، نواز شریف پنجاب میں ن لیگ کی آخری امید ہیں، پنجاب میں بزنس مڈل کلاس ابھی بھی نواز شریف کے ساتھ ہے، دیکھنا ہے کیا نواز شریف پرو آرمی اور عدلیہ مخالف بیانیہ کے ساتھ ووٹ بینک کو اپنی طرف مائل کرسکیں گے۔میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بکھرتی ہوئی تحریک انصاف میں ٹوٹ پھوٹ کا سلسلہ فی الحال رکا ہوا ہے، عمران خان نے پھر دعویٰ کردیا ہے کہ ان کا ووٹ بینک اور حکومت سے نفرت بڑھ رہی ہے، فواد چوہدری، عمران اسماعیل، علی زیدی اور عامر کیانی کی شمولیت کے بعد استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ اب تک کوئی بڑا نام نہیں جڑا ہے، یہ چاروں رہنما بھی پارٹی میں شمولیت کے بعد سے خاموش ہیں اور میڈیا پرآنے کیلئے تیار نہیں ہیں، پرویز خٹک استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کررہے ہیں، دوسری طرف عمران خان کا وفادار گروپ اب بھی ان کے ساتھ کھڑا ہے، تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ حکومت کی طرف سے ابھی بھی پارٹی رہنماؤں اور عمران خان کے قریبی لوگوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، آج یہ خبر سامنے آئی ہے کہ عمران خان انتظامیہ کے سب سے اہم افسر اعظم خان لاپتہ ہوگئے ہیں، عمران خان نے حکومت پر خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف انتقامی کارروائیاں کرنے کا الزام لگادیا ہے۔