اسد رحمٰن گیلانی نے چیئرمین نادرا کے عہدے کا چا رج سنبھال لیا

17 جون ، 2023

اسلام آباد (طاہر خلیل ) اسد رحمٰن گیلانی نے چیئرمین نادرا کے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور نادرا ہیڈکوارٹرز میں پہلے دن اپنے فرائض منصبی انجام دئیے۔چیئرمین نادرا نے تمام ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی معمول کی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری رکھیں اور عوام کو نادرا خدمات اور سہولیات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں۔ چیئرمین نادرا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو نادرا خدمات کی فراہمی میں بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس سلسلے میں وہ علاقائی دفاتر کی سرگرمیوں کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کیلئے بہت جلد نادرا ریجنل ہیڈ آفسز کے دورے کریں گے۔انہوں نے نادرا کے تمام شعبوں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ شناختی کارڈ کی پرنٹنگ کے سلسلے میں بیک لاگ کو جلد از جلد ختم کرنے کیلئے ہفتہ اور اتوار کے دن بھی دفتری سرگرمیاں جاری رکھی جائیں۔ نئے تعینات ہونے والے چیئرمین نادرا اسد رحمٰن تجربہ کار سینئر بیوروکریٹ ہیں، ہارورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن اور لندن سکول آف ا کنامکس سے تعلیم یافتہ ہیں۔ اس سے قبل سرمایہ کاری بورڈ میں وہ بطور وفاقی سیکرٹری اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔چیئرمین نادرا اسد رحمٰن گیلانی پبلک پالیسی کے ماہر ہیں اور 26 سال سے حکومتِ پاکستان کیلئے مستقل سِوِل ملازم اور پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے 1996 میں ملازمت کا آغاز کیا اور کئی مختلف شعبوں اور علاقوں میں خدمات انجام دینے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ بلوچستان اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں کے علاوہ وفاقی حکومت کے مختلف اداروں کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔ پنجاب میں انہوں نے ٹرانسپورٹ، ماحولیات، ہاؤسنگ، خوراک اور زراعت کے محکموں میں خدمات انجام دیں۔ بلوچستان میں وہ سیکرٹری داخلہ، قانون، پراسیکیوشن اور مقامی حکومت کے عہدے پر فائز رہے۔ انہوں نے ضلع شیخوپورہ میں ڈپٹی کمشنر اور ژوب ڈویژن میں کمشنر کے طور پر بھی فرائض انجام دئیے۔ محکمہ توانائی پنجاب میں انہوں نے طویل ترین قیام کیا جہاں اپنے چار سالہ دور میں ان کی کاوشوں کی بدولت نیشنل گرڈ میں تقریباً 10 ہزار میگاواٹ کا اضافہ ہوا اور پاکستان کو بجلی کی کمی سے نجات دلانے میں بے پناہ مدد ملی۔ محکمہ زراعت میں ان کا سب سے منفرد کام فصلوں کی باقیات جلانے کی روایت کا خاتمہ تھا جس کی تلفی کیلئے انہوں نے باقاعدہ نظام متعارف کرایا۔ وفاقی حکومت میں وزیر اعظم کی زیرنگرانی سیکرٹری بورڈ آف انوسٹمنٹ کے عہدے کو وہ اپنے کیریئر کا انتہائی کٹھن اور چیلنج سے بھرپور منصب قرار دیتے ہیں جہاں وہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے پر مائل کرنے کیلئے سرکاری شعبے میں ریگولیٹری اصلاحات کے عمل کی قیادت کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، وہ وزیرِ اعظم آفس کے ایڈیشنل سیکرٹری کے طور پر بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اسد گیلانی نے ہاورڈ کینیڈی سکول (ہاورڈ یونیورسٹی) سے پبلک ایڈمنسٹریشن اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور سے میڈیسن کی ڈگریاں حاصل کیں۔ 2009 میں انہوں نے ہاورڈ یونیورسٹی سے پبلک پالیسی میں ایڈورڈ ایس میسن فیلوشپ مکمل کی۔ انہوں نے لندن سکول آف اکنامکس میں انٹرنیشنل پولیٹکل اکانومی کے ایک سمر کورس میں حصہ لیا۔ وہ امریکہ اور پاکستان میں مختلف تربیتی کورسز بھی مکمل کر چکے ہیں۔ وہ حالات حاضرہ کے ساتھ ساتھ سرکاری شعبے میں پالیسی تشکیل جیسے امور پر تحریریں لکھتے ہیں اور سرکاری اور نجی شعبے کے مختلف اداروں میں ایڈمنسٹریشن اور گورننس سے متعلق امور پر لیکچر بھی دیتے رہتے ہیں۔