خواجہ آصف نے وائس چانسلر سے متعلق ریمارکس پر معذرت کرلی

17 جون ، 2023

اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بجٹ تقریر میں وائس چانسلرز کے حوالے سے ادا کئے گئے الفاظ پر معذرت کر لی جبکہ سپیکر کی ارکان کو الفاظ کا چناؤ بہتر کرنےکی ہدایت، ایوان کی کارروائی سے یہ الفاظ حذف کرا دیئے ۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بجٹ تقریر کے دوران یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کے حوالے سے ادا کئے گئے الفاظ پر معذرت کرلی ، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی وائس چانسلر کے بارے میں یہ لفظ استعمال کرنے پر معافی مانگتا ہوں، گزارش کرتا ہوں کہ اسمبلی کارروائی سے بھی اس جملے کو حذف کیا جائے ۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے اس موقع پر کہا کہ جب آپ نے قومی اسمبلی میں تقریر کی تو میں موجود نہیں تھا، میں نے یہ الفاظ خود نہیں سنے، البتہ اخباروں کی زینت بنے، میں آپ کی جانب سے کہے گئے الفاظ کو حذف کرتا ہوں، تمام اراکین سے کہتا ہوں کہ الفاظ کا چناؤ بہتر کیا کریں۔سپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ مجھے ابھی تک وائس چانسلرز کا کوئی خط نہیں ملا مگر آپ نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا، اراکینِ پارلیمنٹ قوم کے لیے رول ماڈل ہوتے ہیں۔