نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں بشریٰ بی بی اور اعظم خان کو طلب کرلیا

17 جون ، 2023

اسلام آباد (خبر نگار) قومی احتساب بیورو نے نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پائونڈز کی تحقیقات کے سلسلے میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اور سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو 22 جون کو طلب کر لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بشریٰ بی بی اور اعظم خان کو جاری الگ الگ کال اپ نوٹسز کے مطابق بشریٰ بی بی کو 22 جون کو القادر ٹرسٹ کے تمام بینک اکائونٹس اور ٹرانزیکشنز کی تفصیلات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بشریٰ بی بی نے گزشتہ پیشی پر تحریری طور پر جواب جمع کروایا تھا اور تمام الزامات کو مسترد کیا تھا۔ بشریٰ بی بی سے پیشی پر القادر ٹرسٹ کو منتقل ہونے والی 458 کنال زمین اور ٹرسٹ کو ملنے والے 285 ملین روپے سمیت دیگر عطیات کے متعلق تحقیقات ہوں گی۔ دوسری جانب نیب نے نیشنل کرائم ایجنسی کے 190 ملین پاونڈ سیکنڈل میں سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں شامل تفتیش کرنے کیلئے 19 جون کو طلب کر لیا ہے۔ اعظم خان کو کیس سے متعلق دستاویزات اور کابینہ اجلاس کے منٹس بھی ساتھ لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ اعظم خان گزشتہ پیشی پر نیب کے دفتر پیش نہیں ہوئے تھے۔