کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کسی کو تاحیات نااہل کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے،سینئر صحافی دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پر حکومتی کنفیوژن بنیادی طور پر شکوہ اور جواب شکوہ ہے،ماہر معیشت ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد میں بہت تاخیر کی ہے، وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئین میں کئی جگہ الیکشن کی تاریخ دینے کا ذکر نہیں ہے، 1976ء کے قانون میں انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس تھا، جنرل ضیاء الحق نے وہ اختیار آرڈیننس کے ذریعہ صدر کو تفویض کردیا تھا، اب قانون میں ترمیم کر کے انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیدیا گیا ہے، پارلیمانی کمیٹی میں حکومتی ارکان کے ساتھ پی ٹی آئی کے رکن بیرسٹر علی ظفر بھی شامل تھے۔ اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ میں نااہلی کی وجوہات اور اہلیت کی وضاحت دی گئی ہے، آرٹیکل 62کے تحت کوئی بھی شخص کرمنل کورٹ سے سزا پوری کرنے کے پانچ سال بعد انتخابات میں حصہ لے سکتا ہے، 62 ون ایف میں کہا گیا ہے کہ جو شخص صادق اور امین نہیں ہوگا وہ نااہل ہوجائے گا، سپریم کورٹ نے تشریح کی کہ آئین و قانون میں نااہلی کی مدت متعین نہیں اس لیے قانون میں تبدیلی تک یہ تاحیات نااہلی ہوگی، آج قانون میں لکھ دیا گیا ہے کہ آئین میں جہاں نااہلی کی مدت کا تعین نہیں کیا گیا وہاں نااہلی کی مدت پانچ سال سے زیادہ نہیں ہوگی۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینا اور سیاسی جماعت بنانا بنیادی حق ہے، قانون سازی پارلیمان کا کام ہے، قانون کی تشریح کیلئے عدالت میں جایا جاسکتا ہے، کسی کو تاحیات نااہل کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، حکومت نے پورے سال میں کسی جج کے خلاف ریفرنس فائل نہیں کیا، بار ایسوسی ایشن کسی جج کیخلاف ریفرنس فائل کرتی ہے تووہ حکومتی ادارے نہیں خودمختار واچ ڈاگز ہیں، جب ایک بار ریفرنس فائل ہوجاتا ہے تو یہ پبلک ڈاکیومنٹ ہوتا ہے اس پر محتاط گفتگو کی جاسکتی ہے، ایک جج صاحب کیخلاف تمام چھ بار کونسلز نے جنوری میں ریفرنس فائل کیے آج تک اس کی تحقیقات نہیں ہوئی۔ سینئر صحافی دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پر حکومتی کنفیوژن بنیادی طور پر شکوہ اور جواب شکوہ ہے، آئی ایم ایف کی پاکستان میں نمائندہ نے بجٹ پر کھل کر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے،آئی ایم ایف کی شرط کے برخلاف بجٹ میں نئی ٹیکس ایمنسٹی متعارف کروادی گئی ، آئی ایم ایف بجٹ پر نظرثانی کا مطالبہ کررہا ہے لیکن حکومت تیار نظر نہیں آرہی، آئی ایم ایف اور پاکستان کو درمیانی راستہ نکالنے کیلئے مذاکرات کرنا پڑیں گے، عوام میں دیئے گئے بیانات کے نتیجے میں اتفاق رائے پیدا نہیں ہوسکتا۔ مہتاب حیدر کا کہنا تھا کہ حکومت کی مدت تیرہ اگست کو ختم ہوجائے گی یہ اپنی مدت میں ڈیفالٹ نہیں کرے گی، نگراں حکومت کیلئے برج فائنانسنگ کا ایشو بہت مشکل ہوجائے گا، چین پاکستان کو دیئے گئے قرضوں کے رول اوور کیلئے تیار ہیں لیکن اضافی فائنانسنگ کی بات نہیں ہوئی۔ماہر معیشت ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد میں بہت تاخیر کی ہے، آئی ایم ایف چند چیزوں پر بہت واضح ہے، ایک روپے کی قدر مارکیٹ کے مطابق ہوگی، سبسڈیز ٹارگٹڈ دی جائیں گی، پنشن کی اصلاحات دکھائی دینی چاہئیں، اخراجات میں اضافہ نہیں ہونا چاہئے، بینظیر انکم سپورٹ کے علاوہ کہیں سبسڈی نہ دی جائے، پاکستان ان شرائط پر عملدرآمد میں مزید تاخیر کا متحمل نہیں ہوسکتا، پاکستان بجٹ میں آئی ایم ایف کی دیئے گئے اعتراضات دور کرسکتا ہے، سعودی عرب نے پاکستان کو پیسے آئی ایم ایف کے ساتھ چلنے کی شرط پر دیئے ہیں۔میزبان شہزاد اقبال نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کتنا ضروری ہے اس حوالے سے حکومتی صفوں اور حکمت عملی میں شدید کنفیوژن نظر آرہی ہے، اسحاق ڈار کبھی آئی ایم ایف کو تڑ ی لگا کر کہتے ہیں ان کی ہر بات نہیں مان سکتے، کبھی کہتے ہیں ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پر عملدرآمد کرلیا ہے، اسحاق ڈار کہتے ہیں آئی ایم ایف پاکستان کیخلاف عالمی سازش کررہا ہے تو وزیراعظم شہباز شریف اسی آئی ایم ایف کے ایم ڈی کو کال کر کے پروگرام بحال کرنے کی درخواست کرتے ہیں، اسحاق ڈار کی جانب سے کبھی سخت موقف تو کبھی امید کا اظہار کنفیوژن پیدا کررہا ہے کہ وفاقی حکومت اصل میں چاہتی کیا ہے۔
اسلام آباد سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے منسوب سائفر سے متعلق طویل عرصے سے جاری سیاسی تنازع ایک بار پھر اس...
اسلام آباد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر...
لاہور پاکستان مسلم لیگ کے صدر محمد نواز شریف سے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے ملاقات کی جس میں پاکستان...
راولپنڈی 4رکنی میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل میں عمران خان کاطبی معائنہ مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئی ۔ جیل...
اسلام آباد نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے سعودی عرب ، ایران اور متحدہ عرب امارات کے میں...
اسلام آباد روس نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی نہ صرف علاقائی تجارت بلکہ اہم...
کراچی امریکا کی ایران، امارات اور چین میں تہران سے منسلک 50 اداروں پر نئی پابندیاں، تیل و گیس ٹینکرز، مالیاتی...
کراچی ماہر بین الاقوامی امور ڈاکٹر کامران بخاری نے کہا ہے کہ حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا بغیر جنگ مسئلہ حل...