کراچی کا پانی شہر میں داخلے سے پہلے چوری ہو رہا ہے، ایم ڈی واٹر بورڈ

18 جون ، 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی ) انجینئر سید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ کراچی کا پانی شہر میں داخل ہونے سے پہلے ہی چوری ہو رہا ہے، انڈسٹریل زون ہمارا پانی لے رہا ہے ،لیکن بل نہیں دیتا ، ہاکس بے صحافی کالونی میں انجینئرز اور پریس کلب انتظامیہ کے ساتھ بہت جلد دورہ کرینگے، وہ ہفتے کو یہاںکراچی پریس کلب کے کمیٹی روم میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر سعید سرباز ی، سیکریٹری شعیب احمدخان ، جوائنٹ سیکریٹری اسلم خان ، خازن احتشام سعید پاشا، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے، دستور) کے سیکریٹری جنرل اے ایچ خان زادہ،قائم مقام صدر کے یو جے دستور محمد منصف اور سیکریٹری نعمت خان سمیت دیگر صحافی بھی موجود تھے۔ ہر شہری کو اب یہ سمجھنا ہوگا کہ پانی لینے کے بعد بل ادا کرنا ہوگا، دیگر اداروں کی طر اربوں روپے واجبات کی وصولی یقینی بنانے کے لیے نیا قانون بن رہا ہے، پانی کی چوری اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خاتمے کے لیے بہت جلد واٹر بورڈ کے 2پولیس اسٹیشن قائم کئے جائیں گے ، 11 سو سے زائد کچی آبادیوں کو کنکشن مل گئے ہیں، پوش علاقوں سے زیادہ کچی آبادیوں کو پانی فراہم ہو رہا ہے، کے فور منصوبہ مکمل ہوگا تو شہر میں موجودہ پانی کی لائنوں کا مسئلہ سر اٹھائے گا۔