نارتھ ناظم آباد جیفکو پارک سے تعمیراتی سامان فی الفور ہٹانے کا حکم

18 جون ، 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نےڈی سی سینٹرل کو نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل کے قریب جیفکو پارک سے تعمیراتی سامان فوری نکالنے اور ریتی بجری بھی ہٹانے کا حکم دے دیا۔کنکریٹ پلانٹ لگانے سے پارک کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے،درخواست گزار ۔تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ میں نارتھ ناظم آباد بلاک ایل لنڈی کوتل کے قریب پبلک پارک کو کنسٹرکشن سائٹ میں تبدیل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزاروں کے وکیل ثنا اللہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ ماسٹر پلان کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں جیفکو پارک قائم کیا گیا تھا۔ ستمبر 2021 سے پارک تک عوام کی رسائی روک دی گئی۔ درخواست گزاروں کو اب حراساں کیا جارہا ہے۔ پارک میں کنکریٹ بنانے کے سلسلے میں بھاری مشینری نصب کردی گئی ہے۔ پارک کی زمین کو کنسٹرکشن سائٹ میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا ہے۔ پارک میں 24 گھنٹے کام ہورہا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے۔ پارک میں کنکریٹ پلانٹ لگانے سے پارک کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔