بجٹ اختلافات، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں کل مذاکرات ہوں گے

18 جون ، 2023

اسلام آباد (محمد صالح ظافر ) مالی امور پر حکمراں اتحاد کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے مذاکرات کل پیر کو ہوں گے جس میں دونوں جماعتوں کے مالی امور سے متعلق وزراء اور ماہرین حصہ لیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو بھی شریک ہوں گے۔ یہ اجلاس اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہوگا کہ یہ بجٹ تجاویز پر پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی شدید تنقید کے تناظر میں ہورہاہے۔ بلاول بھٹو یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر پیپلزپارٹی سے کیے گئے وعدے پورے نہ ہوئے تو وہ قومی اسمبلی سے بجٹ کی منظوری میں شریک نہیں ہوں گے۔ قبل ازیں رواں ہفتے کے شروع میں بھی وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے شرکت کی تھی اس وقت بلاول بھٹو اسلام آباد میں موجود نہ تھے۔ ذرائع نےیاد دلایا ہے کہ آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور پیپلزپارٹی کے کچھ رہنما ان سے ملنے و ہاں گئے ہوئے ہیں جن میں پنجاب کے نگراں وزیرا علی ٰسید محسن نقوی بھی شامل ہیں۔ اگر اختلافات حل نہ ہوئے تو آصف زرداری کی قبل از وقت وطن واپسی بھی ممکن ہوسکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی بجٹ کی منظوری سے دور رہنے کی متحمل نہیں ہوسکتی کیونکہ فنانس کی منظوری کابینہ نے دی تھی جس میں پیپلزپارٹی کے وزراء بھی شامل تھے۔ پیپلزپارٹی کا مطالبہ سندھ کے سیلاب زدگان کے لئے فنڈز کی فراہمی کا ہے جبکہ وزیراعظم کی انتظامیہ کا موقف ہے کہ سیلاب زدگان کے لئے بیرونی امداد ملنے پر ہی مطلوبہ فنڈز فراہم ہوسکتے ہیں۔