مون سون کے خطرات، میرپور کوٹلی اور بھمبر میں پیشگی حکمت عملی تیار کی جائے کمشنر

18 جون ، 2023

میرپور (جنگ نیوز) کمشنر چوہدری شوکت علی نے کہاہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور متوقع مون سون بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی،سیلاب،لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکوں کی بندش،خوراک کی قلت،بجلی کی عدم فراہمی سمیت دیگر ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لئے ڈویژن کے تینوں اضلاع میرپور،کوٹلی اور بھمبر میں پیشگی حکمت عملی تیار کی جائے اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔ تینوں اضلاع کے لئے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے افرادی قو ت سمیت دیگر مشنری کو بھی تیار رکھیں۔بارشوں سے کسی بھی قسم کے خطرات اور ان سے پہنچنے والے نقصانات کی مانیٹرنگ کرنے کے لئے ضلعی سطح پر کنٹرول رومز قائم کیے جائیں اور تمام لمحہ بہ لمحہ معلومات و اطلاعات ڈویژنل کنٹرول روم بھی مہیا کی جائیں تاکہ ریسکیو اور ریلیف کی بروقت کارروائیوں کی جاسکیں۔محکمہ صحت عامہ وبائی امراض کے تدارک کے لیے متاثرہ علاقوں میں ہیلتھ کیمپ لگائیں گے۔محکمہ شاہرات سرکات کی بحالی اور محکمہ برقیات بجلی کی لائنوں اور ترسیل کو یقینی بنائیں گے۔ندی نالوں، دریاؤں اور نہروں پر ہر قسم کی تجاوزات ختم کروائی جائیں۔محکمہ خوراک غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات اٹھائے۔ریسکیو1122شہری دفاع کے رضا کاروں، این جی اوز اور دیگر عوامی اور فلاحی کاموں اور کام کرنے والے اداروں سے بھی خدمات حاصل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مون سون بارشوں کے زیادہ ہونے کے امکانات اور ممکنہ پہنچنے والی نقصانات اور ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈویژن بھر میں پیشگی منصوبہ بندی تیار کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری امجد اقبال،ڈپٹی کمشنر بھمبر مرزا ارشد جرال، ڈپٹی کمشنر کوٹلی چوہدری حق نواز،چیف انجینئر برقیات طاہر رتیال،ڈی ایچ او ڈاکٹر فدا حسین راجہ،ایڈیشنل ایس پی راجہ اظہر اقبال،ایس ایک بلڈنگ اورنگزیب خان،ایکسن شاہرات ماجد اقبال اعوان ناظم اوقاف شبیر احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ چوہدری محمد معروف، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثار احمد چوہدری،چیف آفیسر بلدیہ مغیث ریاض، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹرڈاکٹر خالد قیوم بٹ،ڈویژنل انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک کے علاوہ دیگر محکموں جن میں زراعت،ریسیکیو 1122،شہری دفاع کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژنل اور ضلعی سطح پر پری مون سون بارشوں کے نقصانات سے بچاؤ اور ریلیف کے کاموں کی پیشگی منصوبہ بندی کرنے کے حوالے سے تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور جملہ محکموں کو افرادی قوت اور مشنری سمیت ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات دیں۔انھوں نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اگر پیشگی منصوبہ بندی ہو جائے تو اس سے انسانی جانوں اور املاک کو کم سے کم نقصانات پہنچ سکیں اس حوالے سے جملہ محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں اور دیگر محکموں سے باہمی اشتراک رکھیں۔