کوٹلی‘ درجنوں نوجوانوں کی کشتی حادثہ میں ہلاکت ‘فضا سوگوار

18 جون ، 2023

چکسواری (نمائندہ جنگ)ضلع کوٹلی کے نواحی گائوں بنڈلی سے تعلق رکھنے والے درجنوں نوجوانوں کی یونان میں کشتی حادثہ میں ہلاکت نے آزاد کشمیر کی فضاکو سوگوار کر دیا۔بھوک و افلاس سے بچنے اور بہتر روزگار کی تلاش میں جانے والے نوجوان موت کی آغوش میں پہنچ گئے۔عوام علاقہ کا حکومتی پالیسیوں کیخلاف شدید احتجاج۔ غیر قانونی طریقہ سے نوجوانوں کوبیرون ملک بھیجنے والے ایجنٹوں اور انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق کھوئی رٹہ کے نواحی گائوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں نوجوان یونان کشتی حادثہ میں شہید ہو گئے۔ ایک ہی خاندان کے 12نوجوان شامل ہیں۔کھوئی رٹہ میں اس وقت سوگ کا عالم ہے۔ دیگر خاندانوں کے نوجوان جو اس حادثے سے قبل گئے اور ابھی تک ان کی کوئی خیر خبر نہیں کے حوالے سے بھی ان کے اہل خانہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ نوجوانوں کے اہل خانہ نے انسانی سمگلروں اور ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق ان ایجنٹوں میں سے ایک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جس کا نام ساجد محمود بتایا جا رہا ہے۔باقی ایجنٹوں کی تلاش جاری ہے۔ راجہ عتیق نامی نوجوان ایجنٹ جو خود ترکی کے کسی شہر بیٹھا ہے یہ دھندہ چلا رہا ہے۔ اس کے دیگر ایجنٹ کھوئی رٹہ میرپور ،راولاکوٹ اور دیگر علاقوں میں کام کر رہے ہیں جو نوجوانوں کو سہانے مستقبل کا جھانسہ دے کر اپنی کامیاب کہانی بتاتے ہیںا ور نوجوانوں سے لاکھوں روپے وصول کر کے ان کو چند لاکھ میں غیر قانونی طریقہ سے ایران ،ترکی کے بارڈر سے لیبیا اور رومانیہ وغیرہ میں داخل کرواتے ہیں ا ور پھر سمندر کے راستے اٹلی پہنچاتے ہیں۔ سینکڑوں نوجوان ان خطرناک راستوں سے ہوتے ہوئے یورپ پہنچ چکے ہیں لیکن بے شمار نوجوان ایسے حادثوں کا شکار ہو کر اپنی جان گنوا چکے ہیں۔اس بڑے حادثے کے بعد عوام علاقہ میں خاصا اشتعال پایا جاتا ہے اور عوام کے شدید رد عمل کے طور پر ایک ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید ایجنٹوں کی تلاش جاری ہے۔عوام علاقہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس بھی ان ایجنٹوں کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔چند دن ایکشن لیا جاتا ہے لیکن پھر ایسے لوگوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے۔