سرمایہ کاری و تجارت میں یو اے ای ڈیسک بنایا جائے گا،میاں اسلم اقبال

23 نومبر ، 2021

لاہور(خصوصی رپورٹر‘خبر نگار)دبئی ایکسپو 2020 میں منعقدہ پنجاب انٹرنیشنل بزنس کانفرنس میں پنجاب آئی ٹی بورڈ نے انٹرپرینور شپ اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پاکستان بزنس کونسل دبئی اور پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل کیساتھ دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے‘ بزنس کانفرنس کے دوران پی آئی ٹی بی کے وضع کردہ سٹارٹ اپ پنجاب پورٹل کا بھی افتتاح کیا گیا ۔ تقریب میں پاکستان کے دبئی میں سفیرافضال محمود‘وزیرہائر ایجوکیشن و آئی ٹی پنجاب راجہ یاسر ہمایوں‘وزیر صنعت‘ تجارت وسرمایہ کاری پنجاب میاں اسلم اقبال‘وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت‘ چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور اور ڈی جی ای گورننس پی آئی ٹی بی ساجد لطیف سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔مزید بر آںصوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے دبئی میں پاکستانی کمیونٹی کے ظہرانے میں شرکت کی،صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے دبئی میں پاکستانی کمیونٹی کے ظہرانے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت میں یو اے ای ڈیسک بنایا جائے گا۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ دبئی کی بزنس کمیونٹی کو ہر طرح سے سہولت فراہم کرے گا۔