1998کاٹیکس معاملہ کیسے سن سکتےہیں سپریم کورٹ ،درخواست خارج کردی

10 فروری ، 2022

اسلام آباد (خبر نگار) سپریم کورٹ نے 24 سال بعد ٹیکس معاملہ کھولنے سے متعلق درخواست خارج کر دی۔ گزشتہ روز کیس کی سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربرا ہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 1998 کے ٹیکس معاملہ کو کیسے سن سکتے ہیں؟ 24 سال گزر چکے ہیں اب معاملہ کیسے ریونیو اتھارٹی کو بھیج دیں؟ جس پر درخواست گزار کمشنر ان لینڈ ریونیوکے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار کے وکیل نے کیس سے معذرت کر لی تھی جس کی وجہ سے ہائی کورٹ نے عدم پیروی پر کیس خارج کردیا تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہائی کورٹ نے آپ کی درخواست کو زائد المیعاد ہونے پر خارج کیا ، 24 سال گزر گئے ہیں ٹیکس قوانین بدل چکے ہیں ، آپ کی کوتاہی کی وجہ سے معاملہ تاخیر کا شکار رہا ، وکیل کے الگ ہونے بعد کیس کی پیروی کرنا آپ کی ذمہ داری تھی۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ درخواست گزار اپنے دلائل سے عدالت کو مطمئن نہ کر سکے ، اپنے کیس کی بروقت پیروی کیلئے درخواست گزار کو اقدامات کرنے چاہئیں تھے۔