اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی،الیکشن کمیشن

10 فروری ، 2022

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سللطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ اسلام آباد بلدیاتی آرڈیننس کی میعاد مارچ میں ہو جائےگی۔بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ابھی تک رولز نہیں بنے جن کے بغیر الیکشن نہیں ہو سکتا۔ چیف الیکشن کمشنر نے واضح کہا کہ حکام اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کریں گے ، الیکشن وقت پر ہوں گے ، وزارت داخلہ حکام نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے رولز تیار ہو گئے ہیں ، رولز31جنوری کو وفاقی کابینہ کو جمع کرا دیے ہیں ، ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے کہا کہ اسلام آباد حلقہ بندی میں ایک دن کی تاخیر نہیں ہوئی ، بلدیاتی انتخابات کے رولز تین دن میں تیار ہوئے ، تھوڑی مزید مہلت دی جائے ، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کوئی دانستہ یا نادانستہ تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ، وزارت داخلہ حکام نے کہا کہ رولز منظور ہونے میں ایک ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے ، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم آپ کو رولز مکمل کرنےکیلئے 15 روز کی مہلت دے رہے ہیں ، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر رولز نہ فراہم کئے گئے تو چیف کمشنر اسلام آباد اور سیکریٹری داخلہ کے خلاف توہین عدالت کاروائی کا آغاز کریں گے ، الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی ۔