کوویڈ19مثبت نتیجہ معلوم ہونے کے باوجود اجلاس جاری رکھنے پر منسٹر کی معذرت

10 فروری ، 2022

لندن ( پی اے ) ایک منسٹر نے اپنا کورونا وائرس کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کا معلوم ہونے کے باوجود اجلاس جاری رکھنے پر معذرت کرلی۔ گلیان کیگن نے کہا کہ منگل کے روز احتیاطی لیٹرل فلو ٹیسٹ کروانے کے بعد انہیں دورے کے دوران نتیجہ معلوم ہوگیا تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے والدین کے ایک گروپ کے ساتھ ان کی رضامندی کے ساتھ مختصر اجلاس جاری رکھا تھا ۔ لیکن انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس جاری رکھنا میری طرف سے ججمنٹ کی غلطی تھی ۔ ٹوئٹس کی ایک سیریز میں انہوں نے لکھا کہ جب مجھے بتایا گیا کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تو اس وقت میں تین فادرز( باپوں) کی بات سن رہی تھی جو اپنی بیٹیاں المناک طور پر خودکشی میں گنوا بیٹھے تھے۔ میں نے انہیں ٹیسٹ کا نتیجہ بتایا اور مزید احتیاط اختیار کی۔ انہوں نے کہاکہ میں نے ان کی رضامندی کے ساتھ مختصر دورانیے کیلئے ان کی کہانیاں سنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کا معلوم ہونے کے بعد فوری طور پر مجھے یہ میٹنگ ختم کر دینی چاہئے تھی۔ گلیان کیگن نے کہا کہ میری طرف سے ججمنٹ کی غلطی تھی اور میں اجلاس جاری رکھنے پر انتہائی معذرت خواہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا میں پالیسیز پر ان کی سپرٹ کے مطابق عمل درآمد کرنے کی اہمیت کو بخوبی جانتی ہوں اور اسے تسلیم کرتی ہوں ۔ کیگان چیچسٹر سے کنزرویٹیو ایم پی ہیں۔ اور اب وہ اپنے گھر پر آئسولیشن اختیار کئے ہوئے ہیں اور خوش قسمتی سے خود کو بہتر محسوس کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ بھی ہوا میں اس کا سامنا کر رہی ہوں اورمیں اپنی اس غلطی پر معذرت خواہ ہوں۔ وہ پہلی بار 2017 میں ایم پی منتخب ہوئی تھیں اور انہیں گزشتہ ستمبر میں وزیراعظم بورس جانسن کی کابینہ میں کئے جانے والے ردوبدل میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں کیئر منسٹر بنا دیا گیا تھا۔ این ایچ ایس کی ویب سائٹ پر شائع کی جانے والی گائیڈنس میں کہا گیا ہےکہ اگر لوگوں کو اپنے کورونا وائرس کوویڈ 19 ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت معلوم ہو جائے تو انہیں فوری طور پر آئسولیشن اختیار کر لینی چاہئے۔ ہیلتھ سیکرٹری ساجد جاوید کے ترجمان نے کہا کہ انہوں نے مس کیگن سے بات کی ہے جنہوں نے اپنی ذمہ داری کو قبول کیا ہے اور اس پر مکمل معذرت کی ہے۔ وہ ان کی معذرت کو قبول کرتے ہیں اور ان کے کردار کی بھرپور سپورٹ جاری رکھیں گے۔ منگل کو مس کیگن نے اینڈی ایری ، مائیک پامر اور ٹم اوون سے ملاقات کی تھی جنہوں نے سوسائیڈ پریوینشن چیرٹی پیپرز کیلئے گزشتہ سال 300 میل واک کے ذریعے 50000 پونڈ جمع کئے تھے۔ تینوں افراد نے منسٹرز سے ملاقاتیں کی ہیں تاکہ خود کشی سے متعلق اپنی مہم کو آگاہی کیلئے سکول کیوریکولم میں شامل کروایا جا سکے۔