اسرائیل سے تعلقات کیلئے فلسطینیوں کی حمایت ترک نہیں کرینگے، ترکی

10 فروری ، 2022

انقرہ(نیٹ نیوز)ترکی کے وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے کہا ہے کہ ترکی، اسرائیل کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کرنے کیلئے فلسطینی ریاست سے متعلق اپنے وعدے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ترک وزیر خارجہ کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اگلے ماہ اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کا ترکی کا دورہ متوقع ہے۔ دونوں ممالک نے 2018میں تعلقات میں تلخی پیدا ہونے کے بعد اپنے سفرا کو واپس بلا لیا تھا جس کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ رہے، لیکن انقرہ کی جانب سے اسرائیل سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تناؤ کے شکار تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا تھا کہ آئزک ہرزوگ مارچ کے وسط میں ترکی کا دورہ کریں گے، جو کئی گزشتہ برسوں میں اس طرح کا پہلا دورہ ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ دونوں ممالک توانائی کے تعاون پر بات چیت کر سکتے ہیں۔ تاہم اسرائیلی صدر کی جانب سے اب تک اس دورے کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ ترکی، اسرائیل-فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کا حامی ہے اور مغربی کنارے پر اسرائیل کے قبضے اور فلسطینیوں کے حوالے سے اسرائیل کی پالیسی کی مذمت کرچکا ہے۔ اسرائیل نے ترکی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ پر قابض عسکریت پسند فلسطینی گروپ حماس کی حمایت ترک کرے۔