شادی سے قبل تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ قانون جلد منظورہوجائیگا:یاسمین راشد

10 فروری ، 2022

لاہور(نمائندہ جنگ ) پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا ہے کہ حکومت تھیلسیمیاء کے مریضوں کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کررہی ہے۔ شادی سے قبل تھیلیسیمیا کے تشخیصی ٹیسٹ کا قانون جلد منظور ہوجائے گا۔ پنجاب میں تھیلسیمیاء سمیت دیگرموروثی بیماریوں کے علاج کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھیلیسیمیاء اور تشخیص کے موضوع پر ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹریاسمین راشدکا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں تھیلیسیمیا کے تشخیصی ٹیسٹوں کی سہولت دستیاب ہے۔ پاکستان میں تھیلیسمیاء کی آگاہی کیلئے 1994میں کام شروع کیا۔ پاکستان میں اس کی تشخیص قبل ازپیدائش کا پہلا ٹیسٹ1994میں کیاگیاتھا۔ قبل ازپیدائش تشخیص ہرانسان کا بنیادی حق ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا آج ہم سب کا تھیلیسیمیاء بارے سوچنا سودمندہے۔پنجاب میں 23بڑے اور چھوٹے سرکاری ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے فیصل آبادڈویژن کے تمام خاندانوں میں نیاپاکستان قومی صحت کارڈ تقسیم کردیا ہے۔31مارچ تک پنجاب کے تمام3کروڑسے زائد خاندانوں کو نیاپاکستا ن قومی صحت کارڈ تقسیم کردیں گے۔