مقبوضہ کشمیر میں افضل گورو کی برسی پر ہڑتال، حریت پسندوں کا شہدا کا مشن جاری رکھنے کا عزم، بھارت مسلمانوں کی نسل کشی کررہا ہے، امین گنڈاپور

10 فروری ، 2022

سری نگر/اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں شہید کشمیر ی رہنما محمد افضل گورو کی شہادت کی برسی پر مکمل ہڑتال کی گئی،کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے شہید محمد افضل گورو اور شہید محمد مقبول بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداکے مقدس مشن کی تکمل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے ۔دوسری جانب وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ افضل گورو اور مقبول بٹ جیسے شہدا کی قربانیوں کے باعث حق خود ارادیت کی جدوجہد بھر پور انداز سے جاری ہے، بھارت مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے،افضل گورو کا قتل بھارتی ریاستی دہشتگردی کا ثبوت اور مسلمان طالبات کو حجاب سے روکنا ہندو انتہا پسندی کی تازہ مثال ہے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں شہید کشمیر ی رہنما محمد افضل گورو کی شہادت کی برسی پر مکمل ہڑتال کی گئی،ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ ، میر واعظ عمر فاروق اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے دی تھی،اس دوران زیادہ تر دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت انتہائی محدود رہی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے شہید محمد افضل گورو اور شہید محمد مقبول بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداکے مقدس مشن کی تکمل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے ضلع بارہمولہ میں شہید رہنمائوں کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی سرمایہ ہیں جس کی ہرقیمت پر حفاظت کی جائے گی۔ حریت رہنمائوں نے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں دفن محمد افضل گورو اور محمدمقبول بٹ کی میتوں کو انکے اہلخانہ کے حوالے کرنے کا کشمیریوںکا مطالبہ دہرایا۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ افضل گورو اور مقبول بٹ جیسے شہدا کی قربانیوں کے باعث حق خود ارادیت کی جدوجہد بھر پور انداز سے جاری ہے۔ افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر شہدا ءکے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیریوں کا جذبہ حریت بھارتی افواج کے تمام تر مظالم سے زیادہ طاقتور ہے، افضل گورو کا عدالتی قتل بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل بے دریغ جاری ہے، بھارت کے تمام ریاستی ادارے آر ایس ایس کے اہلکار بن چکے ہیں، بھارت میں مسلمانوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے، ہندو انتہا پسند کھلے عام مجمعوں میں مسلمانوں کی نسل کشی کے لیے بھارتی عوام کو اکسا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹکا میں مسلمان طالبات کو حجاب سے روکنا بھارتی ہندو انتہا پسندی کی تازہ مثال ہے، دنیا بھارت میں موجود اقلیتوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل خطے کے دیرپا امن کے لیے ضروری ہے۔