حکومت ہٹائو مہم: آصف زرداری لاہور میں متحرک ،ملتان روانگی موخرکردی

10 فروری ، 2022

کراچی(این این آئی)حکومت ہٹائومہم کے سلسلے میں سابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری لاہور میں متحرک ہوگئے اور ملتان روانگی بھی موخرکردی ہے۔جنوبی پنجاب کا ایجنڈا بلاول بھٹو مکمل کریں گے ،سابق صدرمملکت ملاقاتوں کے بعد اسلام آباد چلے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے سیاسی میدان میں ایک اور انٹری کی تیاری کرلی ،وہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ملنے کیلئے منصورہ بھی جائیں گے۔جماعت اسلامی کی قومی اسمبلی میں ایک سیٹ ہے،جماعت اسلامی نے سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی حمایت کی تھی۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری، سراج الحق سے تحریک عدم اعتماد پر حمایت حاصل کریں گے۔آصف زرداری حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لئے مزید رابطے کریں گے۔ذرائع کے مطابق سابق صدر مسلم لیگ(ن)کے صدرشہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ(ق)کے رہنما پرویز الٰہی سے دوبارہ ملاقاتوں کا بھی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب کے دورے کا ایجنڈا بلاول بھٹو مکمل کریں گے جبکہ آصف زرداری لاہور میں ملاقاتوں کے بعد اسلام آباد چلے جائیں گے۔