گرین ایم او یو پر دستخط ، مشرق وسطیٰ میں پاکستانی لیبر کو نوکریاں ملنے کا راستہ کھل گیا

10 فروری ، 2022

اسلام آباد (جنگ نیوز)مشرق وسطیٰ میں پاکستانی لیبر کو لاکھوں نوکریاں ملنے کا راستہ کھل گیا، وزیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مشن گرین مڈل ایسٹ کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گرین ایم او یو پر دستخط ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ میں اربوں درخت لگانے کے لیے پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ اشتراک کر لیا ہے، جس کے تحت مشرق وسطیٰ کے ممالک میں پاکستانی لیبر کو گرین نوکریاں ملیں گی۔پاکستان مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ ہر طرح کے پودے لگانے میں معاونت کرے گا، سعودی عرب شجر کاری کے لیے پاکستانی لیبر کو لاکھوں نوکریں دے گا، جب کہ پاکستان شجرکاری کے لیے سعودی عرب کو تیکنیکی امداد بھی فراہم کرے گا۔معاون خصوصی ملک امین اسلم کی سعودی ہم منصب سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں سعودی عرب کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان فوری طور پر تکنیکی ماہرین کی مدد فراہم کرے، پاکستان کی شراکت داری میں معاہدے پر من و عن عمل درآمد کریں گے۔