کورونا متاثرہ ممالک کی مدد کیلئے وسائل کو بروئے کار لایا جائے،منیر اکرم

10 فروری ، 2022

اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب اور جی77گروپ کے چیئرمین منیر اکرم نے کہا ہے کہ وہ گروپ77کے چیئرمین کی حیثیت سے وسائل کو متحرک کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کو غربت ، بھوک کے خاتمے اور پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے قابل بنایا جا سکے،کورونا وبا سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کی بحالی کے لیے قرضوں کی پائیداری، خوراک کے تحفظ اور پائیدار ترقی جیسے اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) کی جانب سے قائم کیے گئے کمیشن آن سوشل ڈویلپمنٹ کے 60ویں سیشن میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ اسے غیر متوقع اوقات میں عالمی یکجہتی اور مشترکہ ذمہ داری کے اصولوں پر مبنی غیر معمولی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کو غربت اور بھوک سے بچانے کے لیےبین الاقوامی برادری کو لوگوں کی ترقیاتی ضروریات پر مبنی ایک ایسا عالمی ڈھانچہ اور نظام تعمیر کرنے کی ضرورت ہے جس میں مساوی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں ۔ منیر اکرم نے کہا کہ دنیا کو درپیش کورونا وائرس کی وبا، ترقی پذیر ممالک میں معاشی بدحالی اور موسمیاتی تباہی کے وجودی خطرےسمیت دیگر چیلنجز نے 2030 کےپائیدار ترقیاتی اہداف ایجنڈے اور اس پر عمل درآمد کی طرف پیش رفت کو الٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پزیر ممالک کو دی گئی ٹائم لائن میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے سالانہ 3.3ٹریلین ڈالر سے 4.5ٹریلین ڈالر کی مالی مدد کی ضرورت ہے اور اس کے لیے تمام وسائل کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے ۔