پنجاب کے شہروں کی تزئین کیلئے9ارب روپے کا بجٹ مختص

10 فروری ، 2022

لاہور(این این آئی) پنجاب حکومت نے 36 اضلاع کے ہر شہر کی تزئین کیلئے9ارب روپے مالیت کا پلان تیار کرلیا ۔ پنجاب کے ہر شہرکی تزئین پر مجموعی طور پر 9 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔اضلاع اور شہروں کی خوبصورتی پر ہر ڈویژن کے کمشنر کو فی کس ایک ارب روپے کا بجٹ دیا جائے گا۔محکمہ ہائوسنگ پنجاب نے پلان تیار کرکے حتمی منظوری کے لیے حکومت کو پیش کردیا ہے۔ محکمہ ہائوسنگ پنجاب کے حکام کے مطابق پنجاب کے ہر شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو دلکش بنایا جائے گا۔شہروں میں سیوریج ،فٹ پاتھ ،سٹریٹ لائٹس اور سڑکوں کی تعمیر نو بھی ہوگی۔ شہروں میں نئے ٹریفک سگنلز ،سڑکوں کے اطراف کالے پیلے پینٹ ،ٹریفک کی روانی کے لیے منصوبہ بندی ،موجودہ پارکوں کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر تعمیراتی کام بھی ہوں گے ۔محکمہ ہائو سنگ کے حکام کا کہنا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد یہ بجٹ تمام ڈویژنز کے کمشنر زکو جاری کردیا جائے گا ۔