فیصل واوڈا حکومتی مالا کا وہ پہلا دانا ہے جو بکھر چکا ہے، قادر مندوخیل

10 فروری ، 2022

اسلام آباد، کوئٹہ ( خبر ایجنسیاں) پیپلزپارٹی کے رہنما قادر مندوخیل نے کہا کہ فیصل واوڈا حکومتی مالا کا پہلا دانا ہے جو بکھر چکا ہے۔فیصل واوڈا کی نا اہلی کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے درخواست گزار قادر مندوخیل نے کہا کہ یہ کیس چار سال تک چلا جو پہلے الیکشن کمیشن، پھر ہائیکورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن میں چلا اور چار سالہ جدو جہد کے بعد آج فیصلہ آگیا، حکومتی مالا کا پہلا دانا فیصل واوڈا کی شکل میں بکھر چکا ہے ، بلاول بھٹو کی قیادت میں جب پیپلزپارٹی کا مارچ اسلام آباد پہنچے گا تو یہ حکومت گھر جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے ترجمان سردارسربلند جوگیزئی نے الیکشن کمیشن کی طرف سے پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل واوڈا کو نا اہل قراردینے کے فیصلے کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے پیپلزپارٹی کے موقف کی جیت ہوئی ہے، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں نے ہمیشہ عوام سے جھوٹ کہا جس کا واضح ثبوت فیصل واوڈا کا دوہری شہریت سے متعلق الیکشن کمیشن میں جھوٹا حلف نامہ جمع کرانا ہے۔