مقبوضہ کشمیر میں افضل گوروکی برسی مکمل ہڑتال کاروباری مراکز بندسڑکیں سنسان

10 فروری ، 2022

سری نگر/اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں شہید کشمیر ی رہنما محمد افضل گورو کی شہادت کی برسی پر مکمل ہڑتال کی گئی،کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے شہید محمد افضل گورو اور شہید محمد مقبول بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداکے مقدس مشن کی تکمل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ،دوسری جانب وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ افضل گرو اور مقبول بٹ جیسے شہدا کی قربانیوں کے باعث حق خود ارادیت کی جدوجہد بھر پور انداز سے جاری ہے۔تفصیل کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں شہید کشمیر ی رہنما محمد افضل گورو کی شہادت کی برسی پر مکمل ہڑتال کی گئی،ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ ، میر واعظ عمر فاروق اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے دی تھی،اس دوران زیادہ تر دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت انتہائی محدود رہی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے شہید محمد افضل گورو اور شہید محمد مقبول بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداکے مقدس مشن کی تکمل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ افضل گورو اور مقبول بٹ جیسے شہدا کی قربانیوں کے باعث حق خود ارادیت کی جدوجہد بھر پور انداز سے جاری ہے۔