پاکستان اور روس میں گیس پائپ لائن پر مذاکرات میں پیشرفت

10 فروری ، 2022

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)پاکستان اور روس میں گیس پائپ لائن پر مذاکرات میں پیشرفت، ماسکو نے پاکستان سے متفقہ اور نوٹیفائیڈ فیصلوں سے انحراف سے گریز اور نئے ترمیم شدہ آئی جی اے پر قائم رہنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق س3 ارب ڈالرز کی پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن (پی ایس جی پی) کے لیے شیئر ہولڈنگ اور سہولت کے معاہدوں پر بات چیت کے دوسرے دن روسی اور پاکستانی مذاکرات کاروں نے کچھ پیش رفت دکھائی جیسا کہ آج (جمعرات) تک پیش رفت ہونے کی امیدوں کے درمیان بات چیت اچھی طرح سے جاری رہی۔ روس سے ویڈیو پر مزید حکام کے ساتھ ماسکو کی نمائندگی مسٹر ولادیمیر شیرباٹیخ، ایوجینیا نیمروویٹ اور انیسات بائرخانووا نے کی جبکہ ایم ڈی آئی ایس جی ایس ندیم باجوہ، جوائنٹ سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن سید علی زکریا اور سی ایل ایم کے وکیل فیصل، آئی ایس جی ایس کے وکیل اورنگزیب اور سی ایف او آئی ایس جی ایس عامر خان نے مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ بات چیت کی کارروائی سے واقف ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق دونوں فریقین نے بات چیت کی اور نقل و حمل کے ٹیرف کے عمومی خاکہ اور پیرامیٹرز پر کچھ مثبت پیش رفت کی ہے۔ دونوں فریقین نے اس منصوبے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے دی جانے والی رعایتوں پر بھی بات چیت کی اور تنازعات کے حل کے معاملے پر بھی پیش رفت کی۔ فریقین نے قرض دہندگان سے متعلق شقوں پر بھی کچھ پیش رفت کی۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ دونوں فریقوں کے شیئر ہولڈنگ اور سہولت کے معاہدوں پر عام معاہدے تک پہنچنے کا زیادہ امکان ہے۔ تاہم مذاکرات میں شرکت کرنے والے ایک اور سینئر عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا کہ روس کے مذاکرات کاروں نے پاکستانی ہم منصبوں سے مطالبہ کیا کہ وہ متفقہ اور نوٹیفائیڈ فیصلوں سے انحراف سے گریز کریں اور نئے ترمیم شدہ آئی جی اے (انٹر گورنمنٹ ایگریمنٹ) پر قائم رہیں۔