ازبکستان کے سر مایہ کاروں کو بھر پور سکیورٹی فراہم کرینگے،گورنرسرور

10 فروری ، 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور دورہ ازبکستان کے دوران بدھ کے روز صوبہ تاشقند پہنچے جہاں گور نر جہونگیر آرتیخوجے سمیت تاشقند کے حکومتی نمائندوں نے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور اور اپٹما کے گروپ لیڈر گوہر اعجاز سمیت وفد کے دیگر اراکین کا بھر پور استقبال کیا جس کے بعد گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے بزنس کمیونٹی کے وفد کے ہمراہ گور نر تاشقند اور وہاں کی بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات،تجارت کے فروغ او ر ریسرچ کے شعبے میں تعاون سمیت دیگر امور کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے گور نر تاشقند اور وہاں کی بزنس کمیونٹی کو پنجاب کے دورہ کی دعوت دی جس کو گور نر تاشقند نے قبول کر لیا اور تاشقند کے سر مایہ کاروں کا وفد جلد پنجاب کا دورہ کر یگا۔تاشقند میں ہونیوالی ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ ازبکستان کے سر مایہ کاروں کو بھر پور تحفظ اور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ گور نر تاشقند جہونگیر آرتیخوجے نے کہا کہ ہم پاکستان کو اپنا دوسر اگھر سمجھتے ہیں۔