سیاسی ڈائری،تحریک عدم اعتماد سراسر جمہوری اور آئینی طریق کار

10 فروری ، 2022

اسلام آباد (محمد صالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار) مختلف الخیال سیاسی جماعتوں کے باہمی رابطوں میں آئی تیزی کا تعلق تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کو کامیاب بنانا ہے یہ سراسر جمہوری اور آئینی طریق کار ہے جو معروف پارلیمانی نظام میں کوئی اچھنبے کی بات نہیں۔ وزیراعظم عمران خان جن کی حکومت چار سال کی مدت مکمل کرنے کی جانب بڑھ رہی ہے فیصل آباد میں ایک حکومتی سہولت کی فراہمی کے لئے نمائشی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے جس لب و لہجے کے استعمال پراترآئے و ہ ظاہر کرتاہے کہ عدم اعتماد کے خوف نے ان کی سوچ کا توازن درہم برہم کردیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنی اس یک طرفہ گفتگو میں زیادہ تر ایسی باتیں کی ہیں جو سربراہ حکومت کے شایان شان نہیں تھیں وہ اپنے مخالفین سے خائف ہیں اور انہیں بخوبی اندازہ ہےکہ عوامی تائید اور سیاسی میدان کےمقابلے میں وہ ان کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے ، سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری کے بارے میں یہ کہنا کہ وہ چیک بک لے کر ان ارکان کی وفاداریاں خریدنے نکلے ہیں جو حکومت کے طرفدار ہیں ایسا بیان ہے جو انہیں خوددار ساتھیوں کی رفاقت سے محروم کرسکتا ہے۔